میں نے ویڈیو بنا کر لگا دی اور موبائل رکھ دیا اور پھر۔۔۔ یشراج مکھاٹے کی ’رسوڑے میں کون تھا‘ سے ’پاوری ہورہی ہے‘ تک کی کہانی

image

''رسوڑے میں کون تھا'' پر ویڈیو بناکر راتوں رات شہرت پانے والے بھارتی میوزک کمپوزر یشراج مکھاٹے نے پاوری گرل کی ویڈیو کے چار جملوں ''پاوری ہو رہی ہے'' پر گانا بنا کر مزید شہرت سمیٹ لی، ان کا یہ سفر کیسے اور کب شروع ہوا انہوں نے ایک انٹرویو میں سب بتا دیا۔

بھارتی میوزک کمپوزر یشراج مکھاٹے نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ''میں جب تین سال کا تھا تو اُس وقت میرے بابا نے مجھے کھلونے والا پیانو لیکر دیا تھا اور اُس دن کے بعد سے مجھے میوزک سے لگاؤ ہو گیا تھا''۔

یشراج مکھاٹے نے کہا کہ ''مجھے معلوم تھا کہ میں نے مستقبل میں ایک میوزک کمپوزر ہی بننا ہے لیکن میرے والدین کی خواہش تھی کہ میں پہلے اپنی پڑھائی مکمل کروں''۔

اُنہوں نے کہا کہ ''میں نے انجینئرنگ میں داخلہ لیا، صبح میں کالج جاتا تھا اور پھر وہاں سے آنے کے بعد یوٹیوب پر میوزک کمپوز کرنے کے حوالے سے ویڈیوز دیکھ کر نئی نئی چیزیں دیکھتا تھا، مگر میرے والدین سوشل میڈیا استعمال نہیں کرتے اور جب وہ مجھے سارا دن موبائل اور کمپیوٹر میں لگا دیکھتے تھے تو وہ سوچتے تھے کہ ہمارا بیٹا ہر وقت موبائل میں کیا کرتا رہتا ہے''۔

یشراج مکھاٹے نے کہا کہ ''یہ سب ایسے ہی چلتا رہا اور پھر ایک دن میں نے کوکیلا کے ڈائیلاگز ’رسوڑے میں کون تھا‘ پر اپنا میوزک شامل کرکے ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کردی اور پھر موبائل فون بند کرکے دیگر کاموں میں مصروف ہوگیا''۔

اُنہوں نے کہا کہ ''میں نے جب شام کے وقت اپنا موبائل فون آن کیا تو میرا موبائل مسلسل بجنے لگا، اس قدر نوٹیفیکیشنز اور میسجز آئے کہ میں گھبرا گیا''۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ''اس کے بعد میرے انٹرویوز کا سلسلہ شروع ہوا، مجھے مختلف شوز میں مدعو کیا گیا اور یوں میرے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد دس ہزار سے 20 لاکھ ہوگئی''۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ''میں نے حالیہ ویڈیو پاوری ہورہی ہے'' بنائی ہے جس نے میری مقبولیت کے تمام اگلے پیچھلے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

واضح رہے کہ یشراج مکھاٹے نے اس گانے کی ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں مزاحیہ انداز میں لکھا تھا کہ ''میں آج سے پارٹی نہیں کروں گا صرف پاوری کروں گا کیونکہ جو مزہ پاوری کرنے میں ہے، وہ مزہ پارٹی کرنے میں نہیں ہے''۔

خیال رہے کہ پاکستان، بھارت سمیت دیگر ممالک میں اس ویڈیو کو خوب پسند کیا ج ارہا ہے اور لوگ بھی دنانیر کا یہ انداز فالو کرتے ہوئے ویڈیوز بنا رہے ہیں جس کہ ایک ٹرینڈ بن گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US