پولارڈ کے ایک اوور میں 6 چھکے، ٹی 20 کے دوسرے اور دنیا کے تیسرے ایک ہی اوور میں چھ چھکے لگانے والے کھلاڑی بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان کیرون پولارڈ نے دنیا کو حیران کر دیا، پولارڈ ایک اوور میں 6 چھکے لگانے والے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں دوسرے اور دنیا کے تیسرے بلے باز بن گئے ہیں۔
میچ کا احوال کچھ یوں رہا کہ جب ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکن باؤلر اکیلا دننجایا جنہوں نے ایک اوور پہلے ہی ہیٹرک کی تھی باؤلنگ کے لیے آئے تو پولارڈ نے چھ کی چھ گیندیں گراؤنڈ سے باہر پھینک دیں۔
پولارڈ نے 11 گیندوں پر 38 رنز کی اننگز کھیلی، ایک ہی اوور میں چھ چکے مارنے کے بعد پولارڈ یہ ریکارڈ بنانے والے دنیا کے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
اس طرح ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کو پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں 4 وکٹ سے با آسانی شکست دے دی، اس میچ میں سری لنکن اسپنر محض ایک اوور میں ہی ہیرو سے زیرو بنا دیئے گئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھارتی کھلاڑی یوراج سنگھ نے 2007 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں انگلینڈ کے خلاف 6 چھکے لگائے تھے اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑی گبز نے بھی سال 2007 میں ہالینڈ کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں 6 چھکے مارے تھے۔