کراچی میں ٹریفک حادثات بے قابو، 4 جانیں چلی گئیں

image

کراچی میں ٹریفک حادثات کا سلسلہ نہ رک سکا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈمپر، واٹر ٹینکر، ٹرک، کار اور رکشے سے پیش آنے والے مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جوہر موڑ پل کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 22 سالہ موٹرسائیکل سوار محمد اکرم جاں بحق جبکہ 30 سالہ عبدالشکور زخمی ہوگیا۔ دونوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں محمد اکرم کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی۔

دوسری جانب ڈیفنس فیز فائیو میں شہباز سگنل کے قریب کار اور رکشے کے درمیان تصادم کے نتیجے میں رکشہ ڈرائیور اور ایک مسافر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں 22 سالہ کلو ولد فدا حسین شامل ہے، جبکہ دوسرے زخمی کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔ دونوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

ادھر نارتھ کراچی میں سلیم سینٹر کے قریب شیل پمپ کے سامنے ڈمپر کی ٹکر سے 27 سالہ موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت ابھی تک نہیں ہوسکی۔ لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

کورنگی کی بلال کالونی میں مرتضیٰ چوک کے قریب ٹرک کی زد میں آکر 10 سالہ راہگیر صدیق حسین ولد صدام حسین جاں بحق ہوگیا۔ بچے کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US