بیٹیوں کی شادی پر باپ کا ولیمہ، یہ انوکھی شادی کیوں اور کیسے ہوئی ہم آپ کو بتاتے ہیں۔
گوجرانوالہ کے رہائشی چودھری شوکت منیر نے اپنی دوبیٹیوں کی شادی تو کی مگر ساتھ ہی خود بھی دلہا بن کر اپنی دعوت ولیمہ رکھ لی، مگر ایسا کیوں ہوا اس کا جواب یہ ہے کہ چوھری شوکت منیر نے اپنی 10 میں سے آخری 2 بیٹیوں کی شادی کی تو بیٹیوں کے ہی اصرار پر خود بھی شادی کر لی اور اپنے نئے جیون ساتھی کے ہمراہ بیٹیوں کو اپنے گھر سے رخصت کیا۔
تفصیلات کے مطابق 55 سال کی عمر میں 5 شادیاں کرنے والے شوکت منیر کی دس بیٹاں اور ایک بیٹا ہے جن میں 8 بیٹیوں اور ایک بیٹے کی شادی کے بعد شوکت منیر کے 32 نواسے نواسیاں جبکہ ایک پوتا بھی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چوتھی بیوی کی طبی موت کے بعد آخری دونوں بیٹیوں نے خواہش کی کہ وہ اپنے باپ کی شادی کے بعد ہی اپنی شادی کریں گی جس کے بعد باپ نے بیٹیوں کی ضد کے سامنے ہار کر ایک بار پھر سے شادی کر لی اور اپنی دعوت ولیمہ کے ساتھ ہی دونوں بیٹیوں کی باراتوں کا بھی استقبال کیا۔
شوکت منیر کی یہ شادی سوشل میڈیا پر بھرپور مقبول ہو رہی ہے اور لوگ انہیں مبارکباد کے ساتھ ساتھ نیک خواہشات کا اظہار بھی کر رہے ہیں کہ ایک طرف انہوں نے بیٹیوں کا فرض ادا کیا تو دوسری طرف اپنا گھر بھی پھر سے بسا لیا۔
یاد رہے کہ یہ شادی 6 مارچ کو ہوئی جس کے بعد اب تک سوشل میڈیا پر اس کے چرچے ہو رہے ہیں۔