پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر تیزی دیکھنے میں آئی ہے جس کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نےشادی ہالز اور اسکول کھولنے کے طریقہ کار پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز این سی او سی کے سربراہ اسد عمر اور کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں صوبوں میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی صورتحال اور اس سے متعلق اقدامات ،ویکسی نیشن پر پیشرفت اور قومی ویکسین کی حکمت عملی سے متعلق غور کیا گیا جب کہ اجلاس میں صوبائی وزراء نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
این سی او سی کی میٹنگ میں پاکستان بھر میں کورونا وبا کے بڑھتے مثبت کیسز کا جائزہ لیا گیا اور فورم کی جانب سے صوبائی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا کے بڑھتے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے این سی او سی آج 9 مارچ کے اجلاس میں اسکولوں کو کھولنے کے طریقوں پر نظر ثانی کرے گا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا کیسز میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے سینماؤں، شادی ہالوں میں تقریبات اور ریسٹورینٹس کو دوبارہ کھولنے کے فیصلے کو واپس لینے پر غور شروع کر دیا۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ لاک ڈاؤن ختم کرنے کے حوالے سے اپریل کے دوسرے ہفتے میں نظرثانی کی جائے گی۔
واضح رہےکہ سینما گھروں، ہالز کے اندر شادی کی تقریبات اور ریسٹورینٹس کو کھولے جانے کے 15 مارچ سے امکانات تھے۔