نوبل انعام حاصل کرنے والی پاکستان کی بہادر بیٹی اور کم عمر ترین طالبہ ملالہ نے ایپ کے ساتھ شراکت داری کر لی۔
تفصیلات کے مطابق ملالہ یوسف زئی نے ڈراموں، بچوں کے لیے سیریز اور دستاویزی فلموں کی پیشکش کے لیے ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے ساتھ شراکت داری کر لی ہے۔
اس حوالے سے ایپل کمپنی کی جانب سے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنی بلاگ پوسٹ کے ذریعے بتایا گیا کہ 23 سالہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی کی پروڈکشن کمپنی ’ایکسٹرا کریکیولر‘ نے ایپل ٹی وی کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔
ملالہ نے غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ''مجھے امید ہے کہ اس شراکت داری کے ذریعے میں اس پلیٹ فارم پر نئی آوازیں لاسکوں گی، مجھے اُمید ہے کہ میرے ذریعے زیادہ سے زیادہ نوجوان اور لڑکیاں ان شوز کو دیکھیں گے اور اس سے متاثر ہوں گے''۔
ملالہ نے انٹرویو میں مزید کہا کہ ''میں اسٹوری ٹیلنگ پر یقین رکھتی ہوں کیونکہ یہ میری زندگی کا حصہ رہی ہے، یہ میری کہانی تھی جس نے دنیا بھر کے بے شمار لوگوں کو یہ احساس دلایا کہ تمام لڑکیوں کو تعلیم تک رسائی حاصل نہیں ہے''۔
ملالہ نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ''میں چاہتی ہوں کہ تمام لڑکیاں اور خواتین اپنے آپ پر اور اپنی زندگی میں حاصل کی گئی کامیابیوں پر فخر کریں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایپل کمپنی نے 2015 میں ملالہ یوسفزئی کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم پیش کی تھی اور 2018 ملالہ فنڈز کے ساتھ مل کر دنیا بھر کی لڑکیوں کے لیے تعلیم کے فروغ پر کام بھی دیا تھا۔