کورونا کے تیزی سے بڑھتے کیسز نے مکمل لاک ڈاؤن کی صورتحال پیدا کر دی، صوبہ پنجاب میں 2 ہفتوں کے لئے شادی اور دیگر تقریبات پر مکمل پابندی کا امکان۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر پنجاب بھر میں کھیل، شادیاں اور جلسے جلوسوں پر مکمل پابندی لگائے جانے کا امکان ہے۔
نجی ٹی سے گفتگو میں ڈاکٹر فردوس کا کہنا تھا کہ '' کابینہ کمیٹی برائے کورونا نے کچھ سفارشات پیش کی ہیں جن کا جائزہ لے کر انہیں منظور کیا جائے گا تاہم حالات کی سنگینی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہمارے پاس مکمل لاک ڈاؤن کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے''۔
انکا کہنا تھا کہ حکومت اس عالمی وباء سے اکیلے نہیں نمٹ سکتی، مل کر اس سے نجات حاصل کرنی ہوگی، قومی فریضہ اور انتہائی اہم ذمہ داری ہے اور اسے روکنے کے لیے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ایک مؤثر حکمت عملی ترتیب دی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ پنجاب کے جن 5 اضلاع میں کورونا کی برطانوی قسم کا زیادہ زور ہے ان میں گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور وغیرہ شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صِرف پنجاب سے 20 افراد کورونا کے باعث موت کے منُہ میں چلے گئے جبکہ صوبے میں یومیہ کیسز کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر کے خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، حکام کے مطابق شہروں میں وائرس کی برطانوی قسم پائی گئی ہے جو انتہائی تیزی سے پھیل رہی ہے اور اس وائرس کی یہ پہلے کی دو لہروں سے زیادہ طاقتور لہر ہے۔