ایمپائر سٹیٹ بلڈنگ کے اِنٹینا پر چڑھ کر ’شادی کی پیشکش‘ کرنے والے جوڑے کی وائرل ویڈیو: ’کیا آپ ایسا پروپوزل قبول کریں گے‘

سیاہ لباس، چہرے پر ماسک، ہاتھوں میں جھنڈا اور نیویارک کی آٹھویں بلند ترین عمارت کی انتہائی بلندی پر ایک گھٹنے پر بیٹھ کر شادی کی پیشکش۔۔۔ یہ کسی فلم کا کوئی سین نہیں بلکہ نیویارک میں پیش آنے والا ایک ایسا واقعہ ہے جو دنیا بھر میں وائرل ہے۔

سیاہ لباس، چہرے پر ماسک، ہاتھوں میں جھنڈا اور نیویارک کی آٹھویں بلند ترین عمارت کی انتہائی بلندی پر ایک گھٹنے پر بیٹھ کر شادی کی پیشکش۔۔۔ یہ کسی فلم کا کوئی سین نہیں بلکہ نیویارک میں پیش آنے والا ایک ایسا واقعہ ہے جو دنیا بھر میں وائرل ہے۔

اس واقعے کی سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ سب 443 میٹر لمبی ایمپائر سٹیٹ بلڈنگ کی انتہائی خطرناک بلندی پر پیش آیا ہے۔

نیویارک کی ایمپائر سٹیٹ بلڈنگ پر چڑھ کر یہ فلمی کرتب دکھانے والے جوڑے کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

یہ جوڑا تقریباً 10 منٹ تک اس عمارت کے انتہائی اُوپر نصب باریک انٹینا پر موجود رہا۔

اس فلک بوس عمارت پر چڑھنے والے افراد کی شناخت انجیلا نکولو (33 برس) اور ایون بیرکس (32 سال) کے ناموں سے ہوئی ہے اور یہ دونوں روسی شہریت رکھتے ہیں۔

ان کے ہاتھ میں موجود جھنڈے، جو انھوں نے ایمپائر سٹیٹ بلڈنگ کے اوپر نصب انٹینا پر لہرایا تھا، پر لکھا تھا کہ ’جب محبت کی طاقت، طاقت کے لیے محبت پر غالب آتی ہے، تو دنیا میں امن ہو جاتا ہے۔‘

اس واقعے کی وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایون بیرکس ایک گھٹنے پر بیٹھ کر نکولو کو پروپوز کرتے ہیں اور انگوٹھی دیتے ہیں۔ اس عمارت سے نیچے اُترنے سے پہلے دونوں ایک دوسرے کو بوسہ بھی دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ جوڑا اس سے پہلے بھی دنیا بھر میں اس نوعیت کے خطرناک کرتب کا مظاہرہ کر چکا ہے اور سنہ 2024 میں اُن پر ’سکائی والکرز: اے لوو سٹوری‘ کے نام سے ایک دستاویزی فلم بھی بنائی گئی تھی۔

نیویارک پولیس نے بی بی سی کو بتایا کہ دونوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

امریکہ میں بی بی سی کے پارٹنر ادارے سی بی ایس کے مطابق اس جوڑے کو لاپرواہی، جانوں کو خطرے میں ڈالنے، غیر اخلاقی طرز اور بلااجازت عمارت میں داخل ہو کر اسے نقصان پہنچانے جیسے الزامات کا سامنا ہو گا۔

پولیس
Getty Images
اس جوڑے کو نیویارک پولیس نے حراست میں لے لیا اور اب انھیں متعدد الزامات کا سامنا کرنا ہو گا

عمارت کی بلندی پر جھنڈا لہرانے کے کچھ ہی دیر بعد اس جوڑے نے عمارت کے 200 فٹ اونچے ٹیلی کمیونیکیشن اینٹینا سے نیچے اُترنا شروع کیا اور جب وہ ٹاور پر موجود نچلے پلیٹ فارم پر پہنچے تو ایون بیرکس ایک گھٹنے پر بیٹھ گئے اور ویڈیو سے ایسا لگتا ہے کہ جیسے وہ نکولا کو شادی کی پیشکش کر رہے ہوں۔

اس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کو گلے لگایا اور بوسہ کرنے سے پہلے خاتون نے اپنے چہرے سے ماسک اُتار دیا۔

اس جوڑے نے عمارت کے اُوپر سے تصویریں بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پوسٹ کیں۔ ایک تصویر میں یہ جوڑا ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے نظر آتا ہے جبکہ ایک اور تصویر میں نکولا کے ہاتھ میں انگوٹھی نظر آتی ہے۔

نیویارک پولیس نے پولیس افسران کے باڈی کیمرا کی وہ فوٹیج شیئر کی ہے، جس میں ایک افسر اس جوڑے کو حراست میں لینے کے موقع پر اُن سے بات کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

پولیس افسر کو جوڑے کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’ہیلو، آپ کیسے ہیں؟ کیا آپ جہاں ہیں وہیں رک سکتے ہیں۔ آپ کو یہاں نہیں ہونا چاہیے۔‘

اس کے جواب میں نکولا اپنی بازو اٹھا کر کہتی ہیں کہ ’میں ٹھیک ہوں۔‘

پھر افسر ان سے پوچھتا ہے کہ آپ کون سی زبان بولتے ہیں۔ نکولا جواب دیتی ہیں کہ ’روسی زبان۔‘

سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے اور جہاں کچھ لوگ اس جوڑے کی تعریفیں کر رہے ہیں وہیں بہت سے لوگ اسے خطرناک عمل اور بے وقوفی قرار دیے رہے ہیں۔

کچھ صارفین یہ سوال کرتے بھی نظر آئے کہ شادی کی یہ پیشکش حقیقی تھی یا صرف ایک کرتب کا مظاہرہ؟

ایک صارف نے ایکس پر یہ سوال بھی کیا کہ ’کیا آپ ایسا پروپوزل قبول کریں گے۔‘

ایک اور صارف نے لکھا کہ ’ایمپائر سٹیٹ بلڈنگ پر ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کرنے پر دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا لیکن ایپسٹن فائلز میں بچوں کے جنسی استحصال کرنے والے کسی بھی شخص کو اب تک گرفتار نہیں کیا گیا۔‘

(L-R) Ivan Beerkus and Angela Nikolau attend Netflix's Skywalkers: A Love Story Tribeca Film Festival Premiere at AMC Lincoln Square Theater on June 12, 2024 in New York City.
Getty Images
یہ جوڑا اس سے پہلے بھی دنیا بھر میں ایسے خطرناک کرتبوں کا مظاہرہ کر چکا ہے

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذرائع نے سی بی ایس کو بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ جوڑا 103ویں منزل پر موجود اس راستے کے ذریعے عمارت کے اُوپر پہنچا جو واٹر ٹاور کی دیکھ بھال کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

اگرچہ 103ویں منزل عام لوگوں کے لیے کھلی نہیں ہوئی لیکن اس سے نچلی منزل پر لوگ جا سکتے ہیں۔ یہ بات ابھی تک واضح نہیں کہ یہ جوڑا 102ویں منزل سے 103ویں منزل تک کیسے پہنچا۔

ایمپائر سٹیٹ بلڈنگ کے ترجمان کے مطابق اس واقعے سے یہاں رہائش پذیر افراد، مہمانوں، کرایہ داروں اور آبزرویشن ڈیک پر موجود افراد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

ترجمان کے بیان میں مزید کہا گیا کہ ’اس بات پر زور دیا جانا چاہیے کہ نیویارک شہر کے وسط میں واقع دنیا کی مشہور ترین عمارت ’ایمپائر سٹیٹ بلڈنگ‘ کا آبزرویشن ڈیک شادی کی پیشکش (میرج پروپوزل) کے انتہائی یادگار لمحات کے لیے بہترین اور عملی ذریعہ فراہم کرتا ہے۔‘


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US