جڑواں لوگ کیسا محسوس کرتے ہیں؟ جانیں ہمشکل بہنوں کی زندگی کی دلچسپ کہانی

image

کسی بھی گھر میں جڑواں بھائی ہوں یا پھر بہنیں، سب لوگوں کی خاص توجہ کا مرکز بنتے ہیں۔ کیونکہ اکثر ایسا دیکھنے کو ملتا ہے کہ جڑواں بھائی بہنوں کی تقریباً تمام عادات ، احساسات اور جذبات ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہوتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان پر پیار بھی زیادہ آتا ہے اور ان کا خیال بھی زیادہ رکھا جاتا ہے۔

آج ہم جن 2 جڑواں بہنوں کے بارے میں آپ کو بتانے جا رہے ہیں ان کا کیس بھی کچھ ایسا ہی ہے اور ان کی معصومانہ و دلچسپ باتیں جان کر آپ بھی خوب محظوظ ہوں گے۔

ان دونوں ہمشکل بہنوں کے نام شیزا اور فزہ ہیں جن کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے۔ انٹرویو کے دوران 17 سالہ جڑواں بہنوں میں سے شیزا بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ میٹرک کے امتحان میں ہم دونوں ایک جیسے نمبروں سے پاس ہوئے ، ہم دونوں نے 1 ہزار 64 نمبر سے میٹرک کے امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔

شیزا کی ہمشکل بہن فزہ نے بتایا کہ ہماری عادتیں ایک دوسرے سے خاصی ملتی جلتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم بچپن سے ایک جیسے کپڑے پہنتے تھے لیکن بعد میں ایسا ہوا کہ رشتہ دار ہمیں ایک جیسے کپڑوں میں دیکھ کر پہچان نہیں پاتے تھے جس کی وجہ سے گزشتہ چند سالوں سے ہم نے مختلف کپڑے زیب تن کرنا شروع کر دیے۔

شیزا کا کہنا تھا کہ کھانے میں ہمیں ایک جیسی ڈشز پسند ہیں۔ فاسٹ فوڈ ہم جب بھی آرڈر کرتے ہیں تو اکھٹا اور ایک ہی چیز آرڈر کرتے ہیں۔ شیزا نے بتایا کہ ہماری الف سے یہ تک تمام سرگرمیاں ایک جیسی ہیں۔

شیزا نے بتایا کہ ہماری سوچیں بھی ایک دوسرے سے ملتی ہیں اور کبھی کبھار تو ایسا بھی ہوا ہے کہ جیسے میں کچھ سوچتی ہوں وہی میری بہن فزہ بھی سوچ رہی ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر کوئی بات میں نے بولی نہ ہو بس صرف سوچ لی ہو، اس سے پہلے میری بہن کے ذہن میں وہ بات آچکی ہوتی ہے۔

فزہ نے بتایا کہ روزانہ رات کو 12 بجے ہم دونوں کو ایک ساتھ بھوک لگتی ہے جس کے بعد ہم دونوں کوئی بھی چیز بنا کر کھا لیتے ہیں۔

شیزا نے انٹرویو میں مزید بتایا کہ ایک مرتبہ میں اپنی پھوپھو کے گھر رک گئی تھی اور فزہ گھر پر تھی، اور ہماری شروع سے ہی ساتھ سونے کی عادت ہے لیکن اُس رات میں ٹھیک سے نہیں سو سکی تھی اور مجھے لگتا ہے کہ میری بہن بھی میرے بغیر نہیں سوپائی ہوگی۔

شیزا کی ہمشکل بہن فزہ نے ایک اور حیران کن بات بتاتے ہوئے کہا کہ ہم بیمار بھی ساتھ ہوتے ہیں جس کی مثال انہوں نے اس طرح دی کہ اگر رات کو شیزا بیمار پڑ جاتی ہیں تو اگلے روز میں بھی بیمار ہوجاتی ہوں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US