وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ اس سال نویں سے بارہویں جماعت تک کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
گزشتہ روز این سی او سی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر شفقت محمود کا کہنا تھا کہ پچھلی مرتبہ ہم نے بچوں کو اگلی کلاسز میں پروموٹ کر دیا تھا لیکن اس مرتبہ امتحانات لیے جائیں گے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا نویں تا بارہویں جماعت کے امتحانات شیڈول کے مطابق مئی کے آخر میں، جون میں یا پھر جولائی میں ہوں گے جب کہ کیمبرج کے امتحانات جلد شروع ہونے والے ہیں لیکن ان کے ساتھ ایک اور میٹنگ کر کے کیمبرج سسٹم کا فیصلہ کریں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے، کن اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کرنے ہیں اس کا فیصلہ صوبائی حکومتیں، حکومتِ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومت کرے گی تاہم اسکولوں کی بندش کے دوران اگر اسکول ایڈمنسٹریٹرز عملے کو بلوانا چاہتے ہیں تو یہ ان کا اختیار ہے۔