پاکستان میں کورونا ویکسین بھی اب زیادہ قیمت پر فروخت ہونے کا انکشاف، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے بھی تشویش کا اظہار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ کابینہ نے روس کی ویکسین 'اسپوتنک فائیو' کی دو خوراکوں کی قیمت آٹھ ہزار 449 مقرر کی ہے جبکہ چینی ویکسین کے فی انجیکشن کی قیمت چار ہزار 225 روپے ہے تاہم پاکستان میں ان دونوں ویکیسن کی عالمی مارکیٹ سے 150 فی صد زیادہ قیمت پر فروخت ایک سنجیدہ معاملہ ہے۔
کورونا ویکسین کی زائد قیمت پر خرید و فروخت کے حوالے سے وزیرِاعظم پاکستان کو آگاہ کرنے کے لئے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی وائس چیئر پرسن جسٹس ریٹائرڈ ناصرہ جاوید اقبال نے اُنہیں خط ارسال کیا ہے، جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ حکومت کو ویکسین نجی شعبے سے برآمد کرانے کے بجائے بطور ریاست خود شہریوں کو مفت فراہم کرنی چاہیے۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی وائس چیئر پرسن جسٹس ریٹائرڈ ناصرہ جاوید اقبال نے وزیرِاعظم پاکستان عمران خان کو ویکسین کی عالمی قیمتوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا، ساتھ ہی انہوں نے خط میں یہ بھی بتایا کہ پڑوسی ملک بھارت میں روسی ویکسین کی قیمت 1500 پاکستانی روپے ہے۔
انہوں نے خط میں کورونا ویکیسن کی زائد قیمت پر خرید و فروخت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ''ویکسین کی عالمی مارکیٹ سے 150 فیصد زیادہ قیمت پر فروخت ایک سنجیدہ معاملہ ہے، حکومت ویکسین کی خریداری کی شفافیت کو یقینی بنائے''۔
خط میں جسٹس ریٹائرڈ ناصرہ جاوید اقبال نے وزیرِاعظم سے اس معاملے ہر نظرِثانی کی درخواست کی ہے، اور مطالبہ بھی کیا ہے کہ نجی اداروں کے ذریعے ویکسین کی خریداری کی پالیسی کو منسوخ کیا جائے اور حکومتی سطح پر خریداری کی پالیسی بنائی جائے۔
نجی ویب سائٹ سے گفتگو میں جسٹس ریٹائرڈ ناصرہ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ صحت کی سہولتیں تمام شہریوں کو یکساں میسر ہوں، اگر ایسا نہ کیا گیا تو اِس سے طبقاتی نظام کو بنیاد فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرونا سے بچاؤ کی ویکسین شہریوں کو مفت لگنی چاہیے جو کہ ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور بطور پاکستانی شہری ریاست کے ساتھ یہ ایک عمرانی معاہدہ ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو صحت، تعلیم اور تحفظ کی سہولتیں فراہم کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیرِ اعظم پاکستان کو لکھے گئے خط میں ایک تجزیہ بھی پیش کیا گیا ہے کہ دنیا کے کون کون سے ممالک میں کورونا ویکسین کی کتنی قیمت ہے، تاہم اُس تجزیہ کے مطابق پاکستان میں اِس ویکسین کی قیمت سب سے زیادہ ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔
یاد رہے کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے روس کی بنائی ہوئی 'اسپوتنک فائیو' ویکسین کی دو خوراکوں کی قیمت 8449 روپے طے کی ہے۔