کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن نے پاکستان میں امتحانات کو رشیڈول کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق تعلیمی اداروں کی بندش اور کوویڈ کیسز کے پیش نظر پاکستان میں کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن نے ’’او لیول‘‘ اور’’ آئی جی سی ایس ایز‘‘ کے آئندہ ماہ اپریل ہونے والے سالانہ امتحانات ملتوی کرتے ہوئے اسے ری شیڈول کردیا، تاہم اب یہ امتحانات 15 مئی کے بعد سے شروع ہوں گے۔
حکومت پاکستان کی جانب سے کی گئی درخواست کے بعد کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن کی جانب سے امتحانات ملتوی کرنے اور ری شیڈول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
امکان ہے کہ اب نئی تاریخ کے تحت او لیول کا پہلا پرچہ عید الفطر کے اگلے روز ہوگا واضح رہے کہ اے لیول اور اے ایس کے امتحانی شیڈول میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، ان کے مطابق 26 اپریل ہی سے شروع ہوں گے۔
یاد رہے کہ او لیول کے امتحانات بھی 26 اپریل سے ہی شروع ہونے تھے تاہم انہیں 20 روز آگے بڑھا کر ری شیڈول کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب اور کے پی کے میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافے کے سبب بیک وقت اے لیول اور او لیول کا امتحان لینا نامناسب صورتحال پیش کر رہا تھا تاہم کیمبرج انٹرنیشنل کے نمائندے کا کہنا ہے کہ کورونا ایس او پیز پر بہتر انداز میں عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے حکومت پاکستان کی سفارش پر یہ فیصلہ لیتے ہوئے امتحانات کی تاریخ میں تبدیلی کی گئی ہے۔