کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی باعث حکومت سندھ عوام کو جلد سے جلد ویکسینیشن لگوانے کی اپیل کر رہی ہے۔ جبکہ عوام کی جانب سے حکومت کی اس اپیل کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ تاہم ویکسینیشن لگوانے کے حوالے سے حکومت سندھ نے ایک اہم فیصلہ کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق وزیر سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد کیا گیا۔ جس میں وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ اور دیگر احکام بھی شریک تھے۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں فیصلہ لیا گیا ہے کہ سندھ بھر میں تمام سرکاری اور پرائیوٹ اسکولوں اور کالجوں کے نویں سے 12 ویں جماعت کے طلبا کو کرونا وائرس کی ویکسینیشن لگائی جائے گی۔ تاہم ویکسین لگوانے کا یہ عمل 6 ستمبر سے شروع ہوگا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مختلف اسکولوں اور کالجوں کے طلبا کو ویکسین لگانے کیلئے 2 ہزار 527 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ جبکہ 14 لاکھ 20 ہزار طلباء کو ویکسین فراہم کی جائیں گی۔
جبکہ ویکسینیشن کا ابتدائی عمل ضلعی سطح سے شروع کیا جائے گا، جس کے بعد تعلقہ کی سطح پر اسکولوں اور کالجوں میں مہم کو بڑھایا جائے گا۔
تاہم اسکولز اور کالج انتظامیہ کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ تعلیمی اداروں میں بچوں کو ویکسین لگوانے کیلئے والدین کی رضامندی حاصل کریں۔