“میرا بچہ تو کھانے کی طرف دیکھتا ہی نہیں۔ سمجھ نہیں آتا کیا کروں“
چھوٹے بچوں کی ماؤں کو آپ نے اکثر یہ شکوہ کرتے ہوئے دیکھا ہوگا۔ اس آرٹیکل میں آپ کو ایسے طریقوں کے بارے میں بتایا جائے گا جس سے آپ کا بچہ شوق سے پیٹ بھر کر کھانا کھانے لگے گا۔
ہر چیز آزمانے کا موقع دیں
بچے ایک جیسے کھانوں سے بور ہوجاتے ہیں اس لئے انھیں زیادہ سے زیادہ مختلف کھانوں اور ذائقوں کو آزمانے کا موقع دیں۔ بچے کے اندر ذائقے کی پہچان اور کشش پیدا کرنے کے لئے یہ ضروری بات ہے کہ اسے نت نئے پکوانوں سے متعارف کروایا جائے۔
کھانے کے دوران خوش ہونے دیں
اکثر بچوں کی عادت ہوتی ہے وہ کھانے کے وقت اپنے پورے دن کی روداد بیان کرتے ہیں کچھ بچے مخصوص کھانوں کو اپنے انداز سے کھانا پسند کرتے ہیں ایسے میں بچے کو بلاوجہ روکنے ٹوکنے سے پرہیز کریں تاکہ کھانوں سے ان کی رغبت نہ ختم ہوجائے۔
اچھلنا کودنا اور دوڑنا
ہمارے ہاں بچوں کو عام طور پر موبائل یا ٹی وی کے آگے بٹھا دیا جاتا ہے اس لئے نہ ان کی بھوک کھلتی ہے اور نہ ہی ان میں کھانوں کے لئے کوئی لگاؤ پیدا ہوتا ہے۔ اس کے مقابلے میں اگر باقی ملکوں کا جائزہ لیا جائے تو وہاں بچوں کے کھیل کود اور بھاگنے دوڑنے پر توجہ دی جاتی ہے۔ بچہ باہر پسینہ بہا کر آتا ہے تو قدرتی طور پر بھوک کھل جاتی ہے اور وہ شوق سے کھانا کھاتا ہے۔ آپ بھی شام میں اپنے بچے کو قریبی پارک لے کے جاسکتی ہیں۔>
اکھٹے کھانا کھانا
سب گھر والوں کا ایک ساتھ بیٹھ کر کھانا کھانا نہ صرف اچھا ماحول پیدا کرتا ہے بلکہ اس سے بچے کو صحت مند خوراک کے بارے میں پتہ چلتا ہے۔ وہ دیکھتا ہے کہ اس کے بڑے کیا کھا رہے ہیں اور کیوں کھا رہے ہیں پھر اس کے اندر بھی صحت بخش خوراک کھانے کی خواہش پیدا ہوتی ہے۔
کھانا پکانے میں بچے کو شامل کریں
کھانا پکاتے ہوئے بچے کو اپنے ساتھ ملانا ایک اچھا عمل ہے۔ بچہ اگر کھانا پکانے کے عمل میں ساتھ ہوگا تو یقیناً وہ بعد میں اس چیز کو کھا کر چیک ضرور کرنا چاہے گا۔ اس کے لئے آپ بچے کو کوئی بھی چھوٹا سا کام پکڑا کر اس کے شوق کو بیدار کرسکتے ہیں۔