“آپ پی ٹی وی جوائن کرسکتی ہیں تو وزیرِ اعظم بھی بن سکتی ہیں“ ایک صارف نے سنتھیا ڈی رچی کو پیغام دیتے ہوئے کہا۔
منگل کو پی ٹی وی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر خبر جاری کی گئی کہ مشہور امریکی خاتون سنتھیا رچی پاکستان کے سرکاری میڈیا چینل کو جوائن کرچکی ہیں۔ تھوڑی دیر بعد پی ٹی وی نے اس خبر کو ڈیلیٹ کردیا لیکن سنتھیا نے اپنے اکاؤنٹ سے بھی یہ خبر شئیر کی جس پر جہاں کچھ لوگوں نے انھیں سراہا وہیں کچھ لوگوں نے تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس آرٹیکل میں آپ کو بتایا جائے گا کہ امریکہ سے آنے والی یہ خاتون آخر ہیں کون؟
امریکہ میں پڑھائی کی
سنتھیا امریکی بلاگر ہیں جو 1982 میں پیدا ہوئیں۔ ان کا ستارہ برجِ ثور ہے۔ سنتھیا نے امریکہ کی ہی مختلف یونیوسٹیوں سے قانون، کرمنل جسٹس اور نفسیات جیسے مضامین میں ڈگریاں حاصل کیں اور “آ ڈفرنٹ لینس پروڈکشن“ نامی ادارے سے منسلک ہوگئیں۔ سنتھیا رچی معروف بلاگر ہونے کے علاوہ سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اور فلم ساز ہیں۔
بچپن سے سیاحت کا شوق تھا
سنتھیا کہتی ہیں کہ انھیں بچپن سے ہی مہم جو سیاح بننے کا شوق تھا جیسے ایک افسانوی کردار انڈیانہ جونز ہے۔ وہ مصر کے کلچر اور تاریخ سے بہت متاثر تھیں۔ لیکن پھر ایک ٹرپ میں وہ پاکستان آئیں اور یہاں کے لوگوں کے ملنسار اور اپنائیت برے رویے کی وجہ سے وہ یہیں کی ہو کہ رہ گئیں۔ کچھ ویب سائٹس کے مطابق سنتھیا کے خاندان کے کئی افراد بھی پاکستان سیر و تفریح کی غرض سے آچکے ہیں۔
امریکہ سے پاکستان آمد
سنتھیا خود کو امریکی نہیں بلکہ گلوبل شہری کہتی ہیں یعنی ایسا انسان جو ساری دنیا کو اپنا وطن سمجھتا ہے۔ ایک انٹرویو میں انھوں نے بتایا کہ “امریکی میڈیا پاکستان کو بہت برے انداز میں پیش کرتا ہے۔ جب 2009 میں میں نے پاکستان کا دورہ کیا اس وقت پاکستان سیلاب کے مسائل سے گزر رہا تھا۔ اور جب میں امریکہ واپس گئی تو یونیورسٹیز میں تقریق کے دوران پاکستان کا اچھا تاثر پیش کیا جس سے لوگ حیران رہ گئے۔ پاکستانی شہری مجھ سے ملکر کہتے ہیں کہ ہمیں آپ جیسے لوگوں کی ضرورت ہے تاکہ دنیا کے سامنے ہمارا اچھا امیج بنے۔ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ میں نے پاکستان کا انتخاب کیوں کیا تو میں کہتی ہوں میں نے نہیں بلکہ پاکستانیوں کی محبت نے میرا انتخاب کیا ہے۔
شادی کروانے والی آنٹیوں سے جان چھڑا کر آئی تھی لیکن
سنتھیا کا کہنا ہے کہ ان کا تعلق لوئیسیانہ سے ہے جو امریکہ میں واقع ہے لیکن ان کے آبائی علاقے اور پاکستان میں خاندانی روایات اور شادی سے متعلق کئی باتیں ایک جیسی ہیں۔ سنتھیا نے یہ بھی کہا کہ وہ مختلف آنٹیوں کے شادی کرلو جیسے مشوروں سے چڑ کر گئی تھیں لیکن پاکستان میں بھی رشتے ڈونڈھنے والی آنٹیوں کی کمی نہیں ہے۔ البتہ اپریل میں سنتھیا نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ شئیر کی جس میں انھوں نے کہا کہ اب وہ شادی کے لئے بالکل تیار ہیں کیا ان کے لئے کوئی اچھا رشتہ ہے؟ جس کے بعد کئی لوگوں نے ان سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا۔