برطانیہ کی ملکہ الزبتھ سے جڑی کوئی بھی چیز خاص نہ ہو یہ کیسے ممکن ہو سکتا ہے آج ہم آپ کو بتائیں گے ان کے کھانے پینے سے جڑی چند اہم معلومات جو کر دے گی آپ کو حیران تو آیئے پھر شروع کرتے ہیں۔
ملکہ کے شیف
ملکہ الزبتھ کے لئے دنیا کے بہترین شیف محل میں ہر وقت موجود رہتے ہیں جو ملکہ کے معیار کے مطابق کھانا بنانا جانتے ہیں، ملکہ کے شاہی شیف ڈیرن میک گریڈی نے اپنی ایک کتاب میں بتایا ہے کہ ملکہ الزبتھ کو کھانے میں کیا پسند ہے وہ کب اور کیا کیا کھاتی ہیں۔
ملکہ الزبتھ دن میں کتنی مرتبہ کھانا کھاتی ہیں؟
ڈیرن میک گریڈی بتاتے ہیں کہ ملکہ دن میں عام لوگوں کی طرح 3 مرتبہ نہیں بلکہ 4 مرتبہ کھانا کھاتی ہیں، انہوں نے بتایا کہ ملکہ سادہ ناشتہ کرنا پسند کرتی ہیں اور صرف چائے، بسکٹ اور سیریل کا ایک پیالا کھاتی ہیں۔
دوپہر کے کھانے میں ملکہ گِرل مچھلی یا پھر گِرل چکن کھاتی ہیں اور ساتھ پالک یا پھر کسی اور ہری سبزی کی سلاد کا استعمال کرتی ہیں۔
اس کے بعد شام کے وقت ملکہ الزبتھ چائے کے ساتھ جام اور کریم والے پیٹیز کھانا پسند کرتی ہیں۔
ملکہ الزبتھ ایک ملکہ ہونے کے باوجود سادہ کھانا پسند کرتی ہیں اور صرف اتنا ہی کھانا بنواتی ہیں جتنا انہیں کھانا ہو، البتہ محل میں 20 شیف موجود ہوتے ہیں جو کھانا بناتے ہیں جس میں ہیڈ شیف ہی ملکہ کے لئے کھانا بناتا ہے اور ہفتے میں 2 مرتبہ ان کی مرضی کے مطابق کھانے کا شیڈول بناتا ہے۔
شاہی شیف نے بتایا کہ ملکہ الزبتھ گرما گرم ٹوسٹ کے ساتھ کیکڑے کھانا پسند کرتی ہیں اس کے علاوہ مچھلی، چپس اور چاکلیٹ ان کے ساتھ ساتھ پورے شاہی خاندان کو پسند ہے۔
ملکہ کبھی کھانے کو بُرا نہیں کہتیں
شاہی شیف کے مطابق ملکہ برطانیہ الزبتھ کی کھانے کی میز پر ایک ڈائری موجود ہوتی ہے اور وہ اس ڈائری میں اپنے ریمارکس دیتی ہیں جبکہ خود اپنے منہ سے کھانے کے بارے میں کسی کو کچھ نہیں کہتیں، وہ لکھ دیتی ہیں کہ انہیں یہ کھانا دوبارہ چاہیئے یا نہیں۔