گزشتہ کئی ماہ سے سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ کا مرکز بننے والی بونی گائے رانی کو، اس کی موت کے ایک ماہ بعد گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے دنیا کی سب سے چھوٹی گائے تسلیم کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ سے 30 کلومیٹر فاصلے پر موجود ساور فارم رانی کا گھر تھا۔ تاہم فارم کے مالک ابوسفیان کے مطابق اس نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں رانی کا نام درج کروانے کیلئے دستاویزات بھی بھیج رکھی تھیں۔ جن کا جواب رانی کے مرنے کے ایک ماہ بعد موصول ہوا۔
اس سے قبل بونی گائے رانی کے مالک نے دعویٰ کیا تھا کہ رانی گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں موجود دنیا کی سب چھوٹی گائے سے بھی 10 سینٹی میٹر چھوٹی ہے۔
خبر کے مطابق بونی گائے رانی باکسر بھوٹی نسل سے تھی، جس کا قد 51 سینٹی میٹر یعنی 20 انچ اونچا تھا۔ رانی کا وزن 28 کلو گرام تھا۔ جبکہ رانی کا مالک گنیز بک آف ریکارڈز کی جانب سے رانی کو دنیا کی سب سے چھوٹی گائے تسلیم کیے جانے کا انتظار کر رہا تھا۔
تاہم رانی کے مرنے کے ایک ماہ بعد ابوسفیان کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ اتھارٹی کی جانب سے، ایک میل کے ذریعے رانی کو دنیا کی سب سے چھوٹی گائے تسلیم کیے جانے کی خبر دی گئی۔
دوسری جانب رانی کی موت کا سبب اس کے پیٹ میں زیادہ گیس جمع ہونا بتایا جارہا ہے۔