کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ دنیا کے اکثر و بیشتر ممالک میں ایمبولینس کا سائرن ایک ہی طرح کا کیوں ہوتا ہے۔ دراصل اس کی وجہ بہت آسان ہے، کیونکہ ایک ہی طرح کا سائرن ہونے سے، ایک 6 سال کا بچہ بھی، سائرن کی آواز کو آسانی کے ساتھ پہچان سکتا ہے۔ تاہم بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بہت جلد ایمبولینس سے روایتی سائرن کے بجائے طبلے اور بانسری کی آوازیں سنائی دیں گی۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کے دارلحکومت نئی دہلی میں ایمبولینس کے سائرن میں تبدیلی کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ جس کے بعد روایتی سائرن کی بجائے طبلے اور بانسری کی آوازیں سنائی دیں گی۔
ٹرانسپورٹ کے وزیر کے مطابق جلد ہی سائرن کی چیختی آواز کو بانسری اور طبلے کی موسیقی میں تبدیل کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کورونا کی وبا کے دوران ایمبولینس کے سائرن کی وجہ سے لوگوں میں خوف پیدا ہوگیا تھا۔ جبکہ اسی خوف کو ختم کرنے کیلئے ایمبولینس کے سائرن کو طبلے اور بانسری کی موسیقی میں تبدیل کیا جارہا ہے تاکہ لوگ آواز سنیں تو خوف محسوس نہ کریں۔