کورونا کے باعث 2020 میں منعقد نہ ہونے والے دنیا کے سب سے بڑے تجارتی میلے دبئی ایکسپو 2020 عالمی نمائش کا متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں آغاز ہوگیا ہے۔ جس میں دنیا کے 192 ممالک سمیت پاکستان بھی اس نمائش میں شریک ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق دبئی ایکسپو میں پاکستان کو دی گئی جگہ کو "دی ہِڈن ٹریژر" (The Hidden Treasure) کا نام دیا گیا ہے۔ ابتدائی دو دن تک پاکستان پویلین میں ایڈونچرٹورازم (Adventure Tourism) اور بلوچستان کے ثقافتی میوزک کو اجاگر کیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان پویلین میں ہیلتھ، بزنس کے فروغ اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے سیمینار منعقد کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ 15 اکتوبر کو پاکستان بزنس خب کا افتتاح کیا جائے گا، جس میں معروف ٹی وی اینکر وسیم بادامی، پاکستانی اداکار اعجاز اسلم، عائشہ عمر اور مشہور ہوسٹ فخرعالم شرکت کریں گے۔
دبئی ایکسپو میں پاکستانی پویلین 3 ہزار 200 مربع میٹر پر مشتمل ہے۔ جہاں پاکستانی تاریخ، روایات اور ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا۔ جبکہ سرمایہ کاری، تجارت اور سیاحت کو فروغ دیا جائے گا۔
ایکسپو میں حصہ لینے والے ممالک کے لیے موقع ہے کہ وہ آرکیٹیکچر، خوراک، زراعت، انڈسٹری، آرٹ اور تخلیقات کا مظاہرہ کریں۔
ایک اندازے کے مطابق دبئی ایکسپو 2020 میں چھ ماہ کے عرصے میں 2 کروڑ سے زائد افراد آسکتے ہیں۔ جبکہ کھانے پینے کے دو سو سے زائد اسٹالز موجو ہوں گے، جہاں دنیا بھر کی 50 سے زیادہ ڈشز پیش کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ دبئی ایکسپو 2020 ، کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث 2021 میں منعقد کیا جارہا ہے۔