اس سفر میں مجھے بھی ساتھ لے جاتے عمر ، مجھے کیوں اکیلا چھوڑ دیا ۔۔ عمر شریف کی وفات کے بعد اہلیہ زرین غزل اپنا پہلا ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے رو پڑیں

image

گزشتہ روز 2 اکتوبر کو پاکستان کے سب سے مشہور و معروف کامیڈین عمر شریف اس دنیا سے رخصت ہوگئے جس کے بعد ان کے چاہنے والے سوگوار ہیں۔

عمر شریف کی وفات کے بعد اب ان کی اہلیہ کا ویڈیو پیغام جاری ہوا ہے جو علاج کے سفر کے دوران ان کے ہمراہ تھیں۔ عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل نے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل وقت میں عمر شریف کا ساتھ نہ چھوڑا۔

مرحوم عمر شریف کی اہلیہ زریں غزل نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ میں پاکستان، بھارت سمیت دنیا بھر میں موجود عمر شریف کے مداحوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں، دنیا بھر سے عمر شریف کے انتقال پر تعزیت موصول ہورہی ہے، میں عمر شریف کے مداحوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جن کی دعاؤں سے عمر شریف یہاں تک پہنچے۔

انھوں نے کہا کہ میں اپیل کرتی ہوں اپنی دعاؤں میں عمر شریف کو یاد رکھیں، میں وزیراعظم عمران خان اور صوبائی حکومت کی شکر گزار ہوں جنھوں نے عمر کے علاج کے لیے ہر خاطر خواہ اقدامات کیے۔

ویڈیو میں زرین غزل عمر شریف کو یاد کرتے ہوئے زار و قطار آبدیدہ ہوئیں، انہوں نے ویڈیو پیغام کے دوران کہا کہ میں ہر سفر میں عمر کے ساتھ جاتی تھی آج آخری وقت میں بھی میں عمر کے ساتھ ہوں ، میری بس عمر سے یہی شکایت ہے کہ مجھے اس سفر میں اپنے ساتھ لے جاتے، اکیلے کیوں چھوڑ دیا مجھے، زرین نے مزید کہا کہ عمر مجھے کبھی اکیلا نہیں چھوڑتے تھے۔ مگر ابھی چھوڑ دیا۔

خیال رہے سب کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے پاکستان کے معروف اداکار اور کامیڈین عمر شریف گزشتہ روز جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow