طلاق کی افواہوں اور دوسری شادی کی قیاس آرائیوں پر رجب بٹ کا ردعمل

image

معروف پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ نے طلاق کی افواہوں، دوسری شادی سے متعلق قیاس آرائیوں اور اپنی زندگی کے مشکل ترین ادوار پر کھل کر بات کی ہے۔ رجب بٹ حال ہی میں برطانیہ میں خود ساختہ جلاوطنی کے بعد پاکستان واپس آئے ہیں اور اس وقت مختلف عدالتی کارروائیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

نادر علی کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں رجب بٹ نے اپنی ذاتی زندگی سے جڑی خبروں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شادی کے دن سے ہی طلاق کی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وہ ایسی باتوں پر توجہ نہیں دیتے اور انہیں یقین ہے کہ ان کی اہلیہ ایمان بھی ان باتوں سے متاثر نہیں ہوتیں۔ رجب بٹ نے کہا کہ وہ دعا کرتے ہیں کہ یہ موضوع سوشل میڈیا پر ویوز لینا بند کر دے کیونکہ جیسے ہی ویوز ختم ہوں گے یہ بحث بھی ختم ہو جائے گی۔

دوسری شادی کے سوال پر رجب بٹ نے مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ دوسری شادی کے بجائے چینی روبوٹ لڑکی کو ترجیح دیں گے کیونکہ یہ ایسا حل ہے جس پر ان کی اہلیہ کو بھی اعتراض نہیں ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ جلد دوسری شادی نہیں کر رہے تاہم روبوٹس کو بطور بزنس آئیڈیا متعارف کرانے کا ارادہ ضرور رکھتے ہیں۔

اپنی زندگی کے خوفناک ترین وقت کے بارے میں بات کرتے ہوئے رجب بٹ نے کہا کہ انہیں سب سے زیادہ خوف اس وقت محسوس ہوا جب ان پر توہینِ مذہب کا الزام لگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک مسلمان ہونے کا ثبوت دینا ان کے لیے نہایت مشکل مرحلہ تھا جبکہ گھر پر حملے کی دھمکیوں کے باعث وہ اپنے اہلِ خانہ کی سلامتی کے حوالے سے شدید خوف میں مبتلا رہے۔

رجب بٹ نے مزید بتایا کہ 2025 میں انہوں نے قانونی معاملات کی دیکھ بھال کے لیے اپنے اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کر دی تھیں کیونکہ انہیں اکثر یہ خیال آتا تھا کہ کہیں وہ اچانک دنیا سے رخصت نہ ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ان کے قریبی دوست خاندان کی طرح ہیں تاہم تمام مالی معاملات اور ذمہ داریوں کے لیے انہوں نے اپنی والدہ کو بااختیار نامزد کر رکھا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US