پاکستانی اداکارہ کومل عزیز نے اداکاری اور بزنس سے متعلق دلچسپ خیالات کا اظہار کیا ہے۔کومل عزیز نے حال ہی میں انسٹاگرام پر مداحوں کے ساتھ سوال و جواب کا سیشن رکھا، جس میں ایک صارف نے ان سے پوچھا کہ انہیں اداکاری میں زیادہ مزہ آتا تھا یا کاروبار میں۔ اس پر اداکارہ نے کہا کہ انہیں بزنس زیادہ پسند ہے کیونکہ اس میں ذہن استعمال کرنے اور پیچیدہ مسائل حل کرنے کا موقع ملتا ہے جبکہ وقت کے ساتھ ان کی مارکیٹ ویلیو بھی بڑھتی ہے۔
کومل عزیز کا کہنا تھا کہ کم عمری میں اداکاری انہیں تفریح کا ذریعہ لگتی تھی اس وقت شوبز کی چمک دمک، میک اپ اور فیشن بہت پرکشش محسوس ہوتے تھے تاہم اب وہ زندگی کے ایک مختلف مرحلے میں ہیں اور کاروبار کو زیادہ سنجیدگی سے لے رہی ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اداکاری کے مقابلے میں بزنس انہیں طویل المدتی استحکام اور خود مختاری فراہم کرتا ہے۔ واضح رہے کہ کومل عزیز نے ڈرامہ انڈسٹری میں ’میں نہ جانو‘، ’رازِ الفت‘ اور ’مہلت‘ جیسے کامیاب ڈراموں میں اداکاری کی جبکہ اب وہ ایک فیشن برینڈ کے ذریعے بطور کاروباری شخصیت بھی اپنی پہچان بنا چکی ہیں۔