سمندری طوفان گلاب سے شاہین میں تبدیل ہونے کے بعد طوفان شاہین نے عمان کے ساحلی علاقوں میں تباہی مچادی ہے۔ تاہم سیلابی صورتحال کے بعد متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر آرہی ہے۔ جن میں سے ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کئی شہری سیلابی ریلے میں پھنسے ہوئے ہیں۔
ویڈیو میں دکھائی دے رہا ہے کہ عمان کے کسی علاقے سے سیلابی ریلا گزر رہا ہے، جہاں متعدد لوگ آپس میں ایک دوسر کو پکڑے کھڑے ہوئے ہیں۔ تاکہ سیلابی ریلے میں بہہ نہ جائیں۔ تاہم یہ اتحاد زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکا۔
خیال رہے کہ کیمرے کی آنکھ سے مکمل مناظر قید نہ ہونے کے باعث یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ سیلابی ریلے میں پھنسے لوگوں کے ساتھ کیا ہوا ہوگا۔ تاہم شہری انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی شہر میں طوفان شاہین سے ممکنہ خطرے کے پیش نظر شہری انتظامیہ نے عام تعطیل کا اعلان کیا تھا۔ تاہم کراچی شہر طوفان کے اثرات سے محفوظ رہا تھا۔