بھارت کے شہر امرتسر سے تعلق رکھنے والے دھڑ جڑے دو بھائیوں کی کہانی لوگوں کو متاثر کررہی ہے۔ سوہنا او موہنا کی زندگی میں بڑے نشیب و فراز آئے۔ 14 جون 2003 کو دونوں جڑے دھڑ کے ساتھ پیدا ہوئے تھے۔ جبکہ سوہنا اور موہنا کو اس دنیا میں لانے والے ان کے والدین نے دونوں کی پرورش کرنے سے انکار کردیا تھا۔
والدین کے انکار کے بعد مقامی طور پر کام کرنے والی ایک این جی او نے دونوں کی پرورش کرنے کی ذمہ داری اٹھائی، مگر ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ دونوں بھائیوں کا زیادہ دنوں تک زندہ رہنا ناممکن ہے۔
مگر وہ کہتے ہیں نا جسے اللّٰہ رکھے اسے کون چکھے، اس بات کی زندہ مثال یہ سوہنا، موہنا ہیں۔ دونوں نے اپنی ابتدائی تعلیم این جی او میں ہی حاصل کی، وقت کے ساتھ ان میں سے ایک کو نوکری بھی مل گئی، جس کی مدد سے اب دونوں اپنا خیال خود رکھتے ہیں۔ جبکہ دونوں نے الیکٹریکل میں ڈپلومہ بھی کر رکھا ہے۔
سوہنا اور موہنا سینے کے نچلے حصے سے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، سر، سینہ، دل، پھیپھڑے اور ریڑھ کی ہڈی مختلف ہیں۔ لیکن جسم کے باقی حصے ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ تاہم دونوں ایک دوسرے کی مدد سے کام کرتے ہیں۔