مری میں گزشتہ روز ہونے والے سانحہ کے بعد اب صورتحال کنٹرول میں نظر آ رہی ہے۔ امدادی کاروائیاں بھی جاری ہیں اور برف باری میں پھنسے سیاحوں کو بھی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق اب تک 700 سے زائد گاڑیوں کو برف باری کے مقام سے نکالا جاچکا ہے، جبکہ اہم شاہراہوں پر ٹریفک کو بھی کلئیر کر دیا گیا ہے۔
مری میں برف باری کے دوران پھنسی 500 فیملیز کو بحفاظت نکالا گیا ہے، برف باری کی وجہ سے متعدد درخت بھی گر گئے تھے، جنہیں راستوں میں سے ہٹایا گیا۔
حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ کلڈانہ کے مقام پر پھنسے افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے تاہم باڑیاں پر اب بھی گاڑیوں کے پھنسے ہونے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔
واضح رہے مری میں اب برف باری میں پھنسے ہونے کی وجہ سے اب تک 20 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔