شادی کی تقریبات میں خوشی سے ہوائی فائرنگ کرنے کے نتیجے میں اورنگی ٹاؤن کی رہائشی 11 سالہ بچی دم توڑ گئی۔
تفصیلات کے مطابق شادی کی تقریب کے فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی مدیحہ کے ماتھے پر گولی لگی جو پار ہوگئی۔
اس افسوسناک واقعے کے بعد مدیحہ کے گھر میں کہرام مچ گیا اور اہلخانہ کاغم سے برا حال ہوا۔رپورٹ کے مطابق مدیحہ کو گولی کافی دورسے لگی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی۔ پولیس حکام نے بتایا کہ بچی کے لواحقین نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کردیا ہے اور میت اسپتال سے سرد خانے لے گئے۔
ایس ایچ او اقبال مارکیٹ انسپکٹر اخلاق احمد پولیس کارروائی کے لیے چھیپا سرد خانہ پہنچ گئے، اور ایس ایس پی ویسٹ سہائی عزیز کی کوششوں سے بچی کے لواحقین نے پوسٹ مارٹم کرانے کی اجازت دی۔
اہل خانہ نے بتایا کہ مدیحہ تین بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھی۔ علاقے میں سیاسی جماعت کے علاقائی عہدیدار کے بھائی کی شادی تھی، مدیحہ گھر کی کھڑکی پر کھڑے ہوکر شادی دیکھ رہی تھی اور کچھ لوگ فائرنگ کر رہے تھے اسی دوران کہیں سے گولی آکر مدیحہ کےماتھے پر لگی اور 11 سالہ بچی کی موت واقع ہوگئی۔
فائرنگ کا ایسا واقعہ کوئی نئی بات نہیں ہے، اس واقعےسے قبل بھی شادی میں ہونے والی ہوائی فائرنگ سے کئی افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں لیکن اس کی روک تھام کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔