محبوب آپ کے قدموں میں.. لوگوں سے پیسے لوٹ کر اچھا کرنے والے خود کا بھلا کیوں نہیں کرلیتے؟ جانئیے دیواروں پر لکھے ان جملوں کی حقیقت

image

“ ہر مسئلے کا حل صرف ایک کال کی دوری پر “ ایک خستہ حال دیوار پر یہ جملہ لکھا دیکھا تو ہمارا دل ایک لمحے کے لئے اچھل کر حلق میں آگیا۔ وہ کیا ہے کہ ہمارا کوئی ایک مسئلہ تو ہے نہیں ڈگری سے لے کر محبت اور نوکری ہر چیز ایک مسئلے کا روپ اختیار کرچکی ہے۔ ہم نے سوچا کیوں نہ ہم بھی قسمت آمائی کرلیں۔ یہ خیال آیا اور فوراً دیوار پر دیا گیا نمبر بوٹ کیا اور گھر چلے آئے۔

گھر آکر جیسے ہی کھانے وغیرہ سے فارغ ہوئے اور ہر طرح گھر والوں کے سونے کا اطمیینان کرلیا تو بڑے آرام سے ہم نے فون نکالا اور عامل بابا کا نمبر ملایا۔ ایک انتہائی زوردار آواز نمودار ہوئی جس نے ہمیں شہر کے دور دراز کے علاقے کا پتہ سمجھایا۔ خیر ہم بابا کے پاس گئے جہاں کسی باریش بزرگ کے بجائے سیاہ لباس میں عجیب و غریب حلیے میں ایک صاحب بیٹھے تھے۔ موصوف نے ہم سے ہمارا مسئلہ پوچھا اور جب تک ہم اپنا مسئلہ سناتے رہے بابا کچھ غصے سے ہماری طرف دیکھتے رہے اور آخر میں ہمارے ہاتھ میں ایک عجیب سا کپڑے کا تھیلا تھما دیا۔

اس سے پہلے کہ ہم ان سے تھیلے کی افادیت کے بارے میں دریافت کرتے بابا نے ہمیں وہاں سے کھسکنے کا اشارہ کردیا۔ ہم ڈر کے مارے فوراً اٹھ بیٹھے اور واپس جانے ہی لگے تھے کہ ایک بڑے جلاد نما شخص نے ہمیں تقریباً گریبان سے پکڑ لیا اور کہا کہ “بابا کو نذرانہ دیے بغیر کہاں بھاگتا ہے“ ہمارے تو ہواس ہی سلب تھے اس لئے اس آدمی نے ہماری جیب میں ہاتھ ڈال کر پورا والٹ نکال لیا اور ہم مردہ دلی سے واپس آگئے۔

واپس آتے ہوئے ہماری نظر سے ایسی کئی دیواریں گزریں جہاں “محبوب آپ کے قدموں میں“ سے لے کر “ہر مسئلے کا حل چٹکی بجاتے میں پائیں“ جیسے جملے لکھے ہوئے تھے لیکن ہم یہی سوچ رہے تھے کہ آخر یہ لوگ اتنے ہی پہنچے ہوئے ہیں تو لوگوں سے فریاد کرنے کہ بجائے خود اپنا بھلا کیوں نہیں کرلیتے؟

عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ ایسے جعلی اور ڈھونگی بابا کے دھوکے میں وہ سادہ لوح خواتین آتی ہیں جو گھریلو مسائل سے پریشان ہوتی ہیں یا پھر کم تعلیم یافتہ اور غریب افراد شارٹ کٹ کا راستہ اپناتے ہوئے محنت کے بجائے باباؤں کے زریعے کامیاب ہونا چاہتے ہیں۔ اییسے تمام لوگوں سے ہماری یہی گزارش ہے کہ اپنی قیمتی رقم ایسے لوگوں پر برباد کرنے کے بجائے محنت کریں اور صلہ اللہ پر چھوڑ دیں کیونکہ محنت ہی وہ چیز ہے جو دنیا اور آخرت میں عزت کی وجہ بنے گی ناکہ ایسے لوگ جو اپنا پیٹ بھرنے کے لئے بھی غریب عوام کو لوٹتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US