مشترکہ کام کی جگہ فراہم کرنے والے ادارے دفترخوان کو یونی کارن کمپنی ای ایم پی جی نے سیڈ فنڈنگ مہیا کر دی

image

لاہور کی اس کمپنی کیلئے یہ 2018ء کی والڈ سٹی کمپنی کی سرمایہ کاری کے بعد یہ دوسری سرمایہ کاری، دفترخوان کے پاس 3 شہروں میں 5 مقامات پر1500 سے زائد پروفیشنلز موجود ہیں۔

لاہور کی ایک اسٹارٹ اپ کمپنی دفترخوان نے خطے کی یونی کارن کمپنی ای ایم پی جی سے سیڈ فنڈنگ حاصل کر لی ہے۔ دفترخوان مشترکہ کام کیلئے جگہ فراہم کرنے والا ادارہ ہے۔

ای ایم پی جی کے زیر انتظام 19 ممالک میں 10 برانڈز پراپرٹی اور کلاسیفائڈ کے حوالے سے کام کر رہے ہیں۔ اس کمپنی کو 2020ء میں یونی کارن کا اسٹیٹس حاصل ہوا تھا۔ پاکستان میں ای ایم پی جی کے زیرانتظام زمین ڈاٹ کام، زمین ڈویلپمنٹس، او ایل ایکس اور لامودی پی کے شامل ہیں۔

دفترخوان نے اپنے کام کا آغاز 2019ء میں کیا اور یہ ادارہ اُن میں سے ایک ہے جنہوں نے ملک میں سب سے پہلے مشترکہ کام کرنے کی جگہ فراہم کرنے کے خیال پر کام کیا۔ آغاز میں تجرباتی طور پر 20 افراد نے اس سہولت سے فائدہ حاصل کیا جبکہ آج 3 شہروں میں 5 مقامات پر 1500 سے زائد پروفیشنلز اس سے روزانہ کی بنیاد پر مستفید ہوتے ہیں۔ کوویڈ 19 میں دفترخوان کو ۵ گنا ترقی حاصل ہوئی جہاں یہ مزید 2 شہروں میں پھیل گئی۔ اس کی مزید سائٹس اس وقت تعمیراتی مراحل میں موجود ہیں جس کی تکمیل پر اس کا حجم موجودہ سے دوگنا ہو جائے گا اور 2022 کی تیسری ششماہی تک یہاں مزید 3 ہزار افراد خدمات سرانجام دے سکیں گے۔

بہت سے عوامل کے ساتھ، دفترخوان کی ترقی پاکستان میں اسٹارٹ اپ کے ماحول کی ترقی کی مظہر ہے۔ اس وقت ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپس پاکستان کی معیشت میں بنیادی حیثیت اختیار کرتے جا رہے ہیں، اسی لئے دفترخوان جیسے ادارے اہمیت کے حامل ہیں۔ گزشتہ سالوں میں دفترخوان لاہور کے اسٹارٹ اپس کے ماحول کیلئے بنیادی اہمیت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ یہاں سے ائیرلفٹ، جگنو، انلئیر اور کریم جیسے اداروں نے استفادہ حاصل کرتے ہوئے ترقی کی منازل طے کی ہیں۔ اس وقت بھی دفترخوان کی جگہ کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان اور خطے کے اہم اسٹارٹ اپس نے 2021ء میں 580 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کی ہے۔

دفترخوان کے شریک بانی سعد ادریس نے کہا کہ دفترخوان کے آغاز سے ہی ہمارا بنیادی ہدف پاکستان میں اسٹارٹ اپس کو کاروبار کی شکل دینا اور اس کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ اس وجہ سے ہم پاکستان کے اسٹارٹ اپس کی ترقی میں ہراول دستہ کا کردار ادا کرتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ دفترخوان اس امر پر بھی فخر کرتا ہے کہ وہ محض کام کرنے کی جگہ ہی نہیں ہے بلکہ وہ انٹرپرئینویلز اور انوویٹرز کیلئے پہلا گھر ہے۔ ای ایم پی جی کے سی ای او عمران علی خان نے کہا کہ دفترخوان پاکستان میں صلاحیت اور ہنر کی درست نمائندگی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ای ایم پی جی کی اپنی کامیابی کی بنیادی وجہ صحیح افراد پر سرمایہ کاری کرنا ہے اور دفترخوان میں کام کرنے والے افراد محنتی، باصلاحیت اور پاکستانی اسٹارٹ اپ کے ماحول کے ہنرمرد افراد ہیں۔ اس سیڈ راونڈ سرمایہ کاری سے ای ایم پی جی نے دفترخوان میں والڈ سٹی گروپ کے ساتھ بطور سرمایہ کار شمولیت اختیار کی ہے اور اب یہ کمپنی پورے پاکستان میں کام کرنے کے روایتی طریقے کو بدلنے کیلئے تیار ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US