طلاق یا علیحدگی کے بعد عام طور پر مشہور شخصیات اپنے سابق شوہر یا بیوی کے لئے برے الفاظ نہیں استعمال کرتے لیکن قومی اسمبلی کے رکن اور مشہور زمانہ ٹی وی میزبان عامر لیاقت سے اس شائستگی کی توقع رکھنا ناممکنات میں سے ہے۔ وہ نہ صرف اپنی پہلی اہلیہ کے خلاف بولتے نظر آتے ہیں بلکہ اب اپنی سابقہ دوسری اہلیہ طوبیٰ عامر کے خلاف بھی اکثر محاذ کھولے نظر آتے ہیں۔ حال ہی میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر عامر لیاقت نے طوبیٰ کے لئے کچھ ایسے الفاظ استعمال کیے جن سے سوشل میڈیا پر صارفین غصے سے بھڑک گئے اور عامر کو شرم دلانے لگے۔
ہوا کچھ یوں کہ طوبیٰ نے اپنی ایک تصویر رمضان کے حوالے سے انسٹاگرام پر شئیر کی جس پر میم بن گئی اور وہ وائرل ہوگئی۔ اب خدا جانے عامر لیاقت اس میم کی حقیقت سے واقف تھے یا نہیں انھوں نے میم زدہ تصویر کو ہی اپنے انسٹاگرام کی اسٹوری بنا کر یہ الفاظ لکھ دئیے “’ارے یہ تو وہی ہے ہاں وہی، ارے شیطان تو ویسے بھی نظر نہیں آتا پھر یہ کسے ڈھونڈ رہی ہے۔ ممکن ہے کہ یہ شیطان کو نظر نہ آتی ہو اور شیطان اسے نہ دیکھ پاتا ہو؟‘
اس کے آگے انھوں نے مزید نامناسب گل افشانیاں کیں جس پر سوشل میڈیا صارفین غصے میں آگئے۔ کچھ لوگوں نے عامر کو اپنی سابقہ اہلیہ کے لئے اس قسم کے الفاظ استعمال کرنے پر “جاہل“ قرار دیا جبکہ کچھ کا کہنا تھا کہ ان کا دماغ خراب ہوچکا ہے۔ کچھ لوگوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی باتوں کو سنجیدگی سے نہیں سننا
چاہئیے اور ان پر صرف ہنسنا چاہئیے۔