گرمی کے آتے ہی سب سے بڑی پریشانی لوگوں کو بجلی کے بار بار جانے کی ہوتی ہے۔ گھر میں بچوں اور بوڑھوں کو اس وقت شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب جھلساتی گرمی میں لائٹ چلی جائے اور پنکھا چلتے چلتے بند ہوجائے لیکن آج ہم آپ کو ایسے پنکھے کے بارے میں بتا رہے ہیں جو آپ کی اس پریشانی کو ختم کردے گا کیوں کہ اس سے لائٹ جانے کے بعد بھی پنکھا چلتا بھی رہے گا اور اس کی ٹھنڈک آپ کی چھت پر لگے پنکھے سے کہیں زیادہ ہوگی۔
کتنی دیر چل سکتے ہیں؟
یہ پنکھے ریچارج ایبل پنکھے کہلاتے ہیں اور دکان دار کے مطابق انھیں ایک گھنٹہ چارج کرنے سے یہ تقریباً 4 گھنٹے تک چل سکتے ہیں۔ پنکھوں میں ریموٹ کنٹرول بھی موجود ہوتا ہے جس سے ان کی اسپیڈ کم یا زیادہ کی جاسکتی ہے۔ یعنی اب پنکھا تیز کرنے کے لئے بستر سے اٹھنے کی ضرورت نہیں۔
پنکھوں کی خصوصیات
جہاں تک ان پنکھوں کی خصوصیات کا تعلق ہے تو یہ بتاتے چلیں کہ بازار میں ایسے ریچارج ایبل پنکھے بھی موجود ہیں جن میں پانی ہوتا ہے۔ ان کو مسٹ ریچارج ایبل فین کہتے ہیں اور ان کی ٹنکی میں موجود پانی اسپرے کی صورت باہر آتا ہے اور روم کولر کی طرح کمرہ ٹھنڈا کرتا ہے البتہ چاہیں تو بغیر ٹنکی والا پنکھا بھی مل جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ان پنکھوں میں لائٹ کی سہولت بھی موجود ہوتی ہے جو رات کے وقت لائٹ جانے پر کام آتی ہے۔
پنکھوں کی قیمت
ریچارج ایبل مسٹ برانڈڈ پنکھوں کی قیمت 18, 19 ہزار ہے لیکن یہ 6 ہزار کے بھی مل جاتے ہیں البتہ ان کی کوئی وارنٹی نہیں ہوتی۔ اس کے علاوہ یہ پنکھے آن لائن دستیاب ہونے کے علاوہ شہر کے تمام بڑے اسٹورز اور الیکٹرانکس کی دکانوں پر مل جاتے ہیں۔