طلاق کے بعد دوبارہ پڑھائی کی اور بیٹے کی پرورش کی.. حنا پرویز بٹ نے طلاق یافتہ خواتین کو ہمت دینے کے لئے اپنی کہانی سنادی

image

“میری زندگی کا سب سے مشکل وقت وہ تھا جب میری طلاق ہوئی تھی۔ اس وقت یوں محسوس ہوا جیسے میری دنیا ختم ہوگئی ہو۔ اب زندگی میں کچھ نہیں بچا لیکن یہی وہ وقت تھا جب میں نے خود کو ایک سادہ گھریلو لڑکی سے ایک بزنس وومن اور ایک سیاست دان کے روپ میں ڈھالا اور اب میں خود کو پہلے سے زیادہ مضبوط سمجھتی ہوں

یہ کہنا ہے مشہور سیاست دان حنا پرویز بٹ کا۔ حنا کا تعلق چوتھی بار اقتدار میں آنے والی پارٹی ن لیگ سے ہے۔ حنا 19 جنوری 1982کو لاہور میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد پرویز اختر لاہور کے جانے مانے بزنس مین ہیں۔ جیسز اینڈی میری سے اسکولنگ کے بعد حنا نے بزنس ایڈمنسٹریشن اور بین الاقوامی تعلقات جیسے مضامین میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ حنا کو آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے ٹرانسفورمیشن لیڈرشپ کا اعزاز بھی مل چکا ہے۔

بہت جلد طلاق ہوگئی

جہاں تک ذاتی زندگی کا تعلق ہے حنا پرویز بٹ کی دو بہنیں ہیں۔ حنا کی شادی ثمر حیات سے ہوئی تھی مگر دونوں کا رشتہ چل نہیں سکا اور بہت جلد نتیجہ طلاق کی صورت میں نکلا۔ حنا کا ایک بیٹا محمد شیخ ہے جس سے وہ بہت پیار کرتی ہیں۔ حنا کہتی ہیں کہ چونکہ ان کے بیٹے نے ماں باپ کے ساتھ ایک خوشحال زندگی نہیں گزاری اس لئے وہ اس کا اور بھی زیادہ خیال رکھتی ہیں۔ کبھی بیٹے کے والد کے حوالے سے کوئی تلخ بات نہیں کرتیں اور ان کے بیٹے کا اپنے والد سے بہت اچھا تعلق ہے۔ طلاق کے بارے میں حنا کہتی ہیں کہ ابھی بھی معاشرے میں اس حوالے سے بات کرنا برا سمجھا جاتا ہے لیکن وہ اس پر بات کرتی ہیں تاکہ خواتین کو احساس ہو کہ طلاق کے بعد زندگی ختم نہیں ہوجاتی

عمرہ کرنے کے بعد دل بہت نرم ہوگیا

حنا پرویز بٹ نے یہ بھی بتایا کہ وہ بہنوں میں درمیانے نمبر پر ہیں اس لئے وہ جذبات کا اظہار نہیں کرپاتیں بلکہ مفاہمت کا راستہ اختیار کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ پہلے وہ جذبات پر قابو رکھتی تھیں لیکن پھر جب وہ عمرہ کرنے گئیں تو اس کے بعد ان کا دل کافی نرم ہوگیا ہے اور جب بھی ان کا دل بر آتا ہے وہ رو کر دل ہلکا کرلیتی ہیں۔

روحانیت سے گہرا تعق ہے

ایک انٹرویو کے دوران حنا کی چھوٹی بہن نے بتایا کہ حنا بہت اللہ والی، روحانیت پسند اوع محبت کرنے والی خاتون ہیں۔ جب وہ چھوٹی تھیں تو اپنی چھوٹی بہن کا اسکول بیگ بھی خود اٹھاتی تھی اور ایک بار سوئمنگ پول میں ڈوبتے ہوئے انھوں نے اپنے بجائے اپنی چھوٹی بہن کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی۔ حنا کے بیٹے محمد شیخ اگر چہ ابھی کافی چھوٹے ہیں لیکن ان کا کہنا ہے کہ انھیں سب سے اچھی سیاست دان اپنی ماما لگتی ہیں۔

ن لیگ جوائن کرنے کی وجہ

ن لیگ کو بطور سیاسی پارٹی جوائن کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے حنا کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں ن لیگ واحد پارٹی ہے جو پاکستان کی بہتری کے بارے میں سوچتی ہے جبکہ سیاست دانوں میں انھیں خواتین سیاستدان زیادہ متاثر کرتی ہیں جن میں فاطمہ علی جناح، مریم نواز اور بینظیر بھٹو جیسی خواتین شامل ہیں۔

غزلیں سننا پسند ہے

حنا نے بتایا کہ پہلے انھیں کوکنگ نہیں آتی تھی لیکن اب انھوں نے کھانا پکانا سیکھا ہے، باغبانی کرتی ہیں او پرندوں کا خیال بھی رکھتی ہیں اس کے علاوہ انھیں ٹی وی ڈراموں، موویز اور غزلیں سننا بھی اچھا لگتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US