پاکستان میں لیونل میسی کے ننھے پرستار نے اپنے ٹیلنٹ سے دیکھنے والوں کو حیران کردیا، بلوچستان کے نوعمر بچے کے گول کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔
ویڈیو میں نظر آنیوالا ننھا سا بچہ لیونل میسی کی طرح بائیں ٹانگ سے ایک ٹائر میں گیند کو پنالٹی کک کی طرح گزارتا دکھائی دے رہا ہے۔ اس ویڈیو پر شہریوں نے بھرپور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس ننھے میسی کی صلاحیتوں کو سراہا ہے۔
لیونل میسی ارجنٹائن کی قومی ٹیم کے کپتان ہیں، انہون نے 2000 میں 13 سال کی عمر میں بارسلونا کی یوتھ اکیڈمی میں شمولیت اختیار کی اور 2004 میں 17 سال کی عمر سے کلب کی جانب سے پہلا میچ کھیلا تھا۔ وہ اب تک بارسلونا کے لیے ریکارڈ 634 گول سکور کر چکے ہیں جبکہ قومی ٹیم کیلئے 70 میچوں میں 26 گول کرچکے ہیں جن میں سے 21 گولز نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
یہاں واضح رہے کہ پاکستان میں فٹ بال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے تاہم مواقع نہ ملنے کی وجہ سے یہ ٹیلنٹ یونہی ضائع ہورہا ہے۔ پاکستان قومی کھیل ہاکی سمیت کسی بھی کھیل کو زیادہ پذیرائی نہ ملنے کی وجہ سے باصلاحیت کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے اظہار سے محروم رہ جاتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں پر بھی توجہ دے اور چھوٹے صوبوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ کرے تاکہ نوجوان مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب ہوکر پاکستان کا نام روشن کرسکیں۔