"عمران خان کے آٹوگراف والی شرٹ کی بولی 6 کروڑ تو لگ چکی ہے لیکن میں اسے نہیں بیچوں گا۔ دنیا بھر کے ہیرے جواہرات اور دولت میرے سامنے رکھ دیئے جائیں تو بھی اس قمیض کی قیمت نہیں بن سکتے"
یہ کہنا ہے ننھے ابوبکر کا جن کی ملاقات پچھلے دنوں سابق وزیراعظم عمران خان سے ہوئی اور انھیں عمران خان نے قمیض پر ہی آٹو گراف دیا۔ اس وقت سے ابو بکر میڈیا چینلز کو کئی انٹرویو دے چکے ہیں۔ اس آرٹیکل میں ہم اپنے قارئین کی دلچسپی کے لیے وہ باتیں بیان کررہے ہیں جو ابوبکر نے مختلف انٹرویوز میں کہی ہیں۔
عمران خان کے سامنے پہنچا تو کانپ رہا تھا
ابوبکر کا کہنا ہے کہ جب وہ عمران خان کے سامنے پہنچے تو کانپ رہے تھے انھیں یقین ہی نہیں آرہا تھا کہ جس انسان سے ملنے کی انھیں خواہش تھی وہ اس سے مل رہے ہیں۔ ابوبکر نے کہا کہ عمران خان ان کی جان ہیں اور ان سے مل کر انھیں زندگی کی سب سے بڑی خوشی مل گئی۔
عمران خان سے اس قدر محبت کی وجہ
ابوبکر کا کہنا ہے کہ لوگ ان سے پوچھتے ہیں کہ انھیں عمران خان سے اتنی محبت کیوں ہے تو وہ کہتے ہیں کہ یہ پہلے لیڈر ہیں جنھوں نے اقوام متحدہ میں تقریر کرتے ہوئے کلمہ پڑھا اور اسلاموفوبیا پر آواز اٹھائی۔ اس دن سے ان کے دل میں عمران خان کے لئے محبت پیدا ہوگئی۔
شرٹ اگر بیچی تو..
عمران خان کے آٹوگراف والی شرٹ بیچنے کے لئے ابوبکر ویسے تو تیار نہیں لیکن ہزاراہ 1 ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر کچھ دن بعد انھوں نے ایسا کیا تو وہ سب پیسے شوکت خانم اسپتال میں دے دیں گے۔
عمران خان سے ملاقات کے دوران کیا باتیں ہوئیں؟
اس سوال کے جواب میں ابوبکر نے بتایا کہ عمران خان نے انھیں کہا کہ دل لگا کر پڑھائی کروں اور پاکستان کے لئے کچھ کروں جو میں ضرور کروں گا کیونکہ انسان جس سے پیار کرتا ہے اس کی ہر بات مانتا ہے۔ اس کے علاوہ ابوبکر مستقبل میں پاکستان کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں اور سیاست میں بھی آنا چاہتے ہیں۔
عمران خان کو انگوٹھی دی
ابوبکر نے عمران خان سے ملاقات پر انھیں سونے کی انگوٹھی بھی دی جس کے بارے میں انھوں نے کہا کہ وہ انگوٹھی انھوں نے عمران خان کے لئے 5 سال پہلے افغانستان سے خریدی تھی۔