“مجھے شہریار آفریدی کے کہنے پر تھانے میں بند کیا گیا۔ میں نے کوہاٹ میں پاکستان تحریک انصاف کا جلسے کا سارا انتظام کیا لیکن وہاں طوفان آگیا۔ ٹاور گر گیا اور سب کچھ درہم برہم ہوگیا“
یہ کہنا ہے اس ٹھیکدار کا جس نے کوہاٹ میں پی ٹی آئی کے حالیہ جلسے کے انتظامات دیکھے تھے۔ جنگ میں شائع ہوئی خبر کے مطابق ٹھیکیدار شیخ انوار کا دعویٰ ہے کہ انھیں پی ٹی رہنما شہریار آفریدی کے کہنے پر تھانے میں بند کیا گیا۔
عمران خان کی لائٹنگ کا غصہ غریب ٹھیکیدار پر نکال دیا
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی رہنما عمران خان کی جلسے کی ایک کلپ بھی وائرل ہوئی تھی جس میں وہ سب کے سامنے شہریار آفریدی کو جلسے کے ناقص انتظامات پر ڈانٹ رہے تھے۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جلسے میں لائٹنگ صحیح طرح نہیں کی گئی اور شہریار آفریدی آئندہ انتظام کسی اور کے سپرد کریں۔
پی ٹی آئی والوں نے پورے پیسے بھی نہیں دیے
دوسری جانب شیخ انوار نے اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلسے کی 80 فیصد لائٹس صحیح کام کر رہی تھیں البتہ جلسے کے لئے 65 لاکھ کا ٹھیکہ طے پایا تھا جس میں صرف 30 لاکھ ادا کیے گئے ہیں اور 35 لاکھ کی ادائیگی تاحال نہیں کی گئی جبکہ جنگ نیوز میں شائع ہوئی ایک اور خبر کے مطابق شیخ انوار کو شہریار آفندی کی شکایت کے بعد تھانے میں بلایا گیا البتہ اب تنبیہہ کے بعد انھیں چھوڑ دیا گیا ہے۔
کیا عمران خان ہر قانون سے بالاتر ہیں؟
وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مشیر امام مقام کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے سے ٹھیکیدار کو صرف لائٹنگ ٹھیک نہ ہونے پر تھانے میں رکھا ہوا ہے کیا عمران خان ہر قانون سے بالاتر ہیں۔ مظلوم ٹھیکیدار کو انصاف دلایا جائے اور پی ٹی آئی کی غنڈہ گردی سے نجات دلوائی جائے۔