عمران خان کا تاریخ کے سب سے بڑے احتجاج کا اعلان، کارکنوں کو تیاری کا حکم دیدیا

image

اسلام آباد :پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب ہماری حکومت گئی تو بھارت اور اسرائیل میں خوشیاں منائی گئیں، جلد احتجاج کی کال دوں گا، تاریخ کا سب سے بڑا احتجاج کریں گے، سب تیاری رکھیں۔

تحریک انصاف نیشنل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں فاسٹ ٹریک پر پارٹی میں الیکشن کرانے پڑے، یہ وہ الیکشن نہیں جو ہم چاہتے تھے، مجبوری میں یہ الیکشن کرائے گئے، اس کے باوجود ہماری پارٹی میں اپوزیشن قومی اسمبلی میں موجود اپوزیشن سے بہتر ہے جس کے قائد راجا ریاض ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جب 26 سال قبل پارٹی بنائی تو یہ سوچ کر بنائی تھی کہ یہ پارٹی ایک مثالی ادارہ بنے گی، یہ جماعت دیگر جماعتوں سے مختلف ایک سیاسی پارٹی بنے گی، پاکستان میں سیاسی پارٹیز نہیں، خاندانی جماعتیں ہیں۔ اس خاندانی سیاست کی وجہ سے ہماری جمہوریت نے ترقی نہیں کی، ہمارے ملک میں موجود سیاسی جماعتوں میں میرٹ نہیں ہے، جمہوریت کے نام پر جاگیردارانہ نظام رائج ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ملک میں گزشتہ 60 سال کے دوران آدھا وقت ملٹری کی حکومت تھی، آدھا وقت 2 خاندانوں کی حکومت رہی، ہماری حکومت کے صرف ساڑھے 3 سال تھے جس پر انہوں نے اتنا شور مچایا کہ ملک میں تباہی ہوگئی جب کہ اصل میں یہ تباہی ان کے دور کی تھی۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ پارٹی ادارہ تب بنے گی جب ہم جماعت میں بہترین انتخابات کرائیں گے جس کے ذریعے میرٹ پر اچھے لوگ اوپر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہماری حکومت گرائی گئی تو جس طرح سے لوگ خود اپنے گھروں سے پرامن احتجاج کیلئے نکلے میں نے کبھی ملک میں نہیں دیکھا، لوگوں کے پر امن احتجاج کو دیکھ کر حکمران خوفزدہ ہوگئے۔ہمارے دورمیں 3 لانگ مارچ ہوئے فضل الرحمن نے کیا، بلاول بھٹو نے 4 روپے پیٹرول پر بڑھنے پر مہنگائی مارچ کیا، ہم نے کسی کو نہیں روکا، کوئی کنٹینر نہیں لگایا، میڈیا پر قدغن نہیں لگائی، صرف فیک نیوز کے خلاف بات کی جس کے خلاف دنیا بھر میں سخت قوانین ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ روس گئے تو 30فیصد سستا تیل حاصل کرنے کے لیے مذاکرات کیے، ہم واپس آئے تو انہوں نے تحریک عدم اعتماد پیش کردی جس سے وہ سارا عمل سست ہوگیا۔ جب یہاں 60 روپے تک قیمتیں بڑھائی جا رہی تھیں اس وقت بھارت نے روس سے سستا تیل حاصل کرکے عوام کے لیے پیٹرول سستا کیا، ان حکمرانوں کو عوام کی کوئی فکر نہیں، ان کے اربوں ڈالر باہر پڑے ہیں، یہ ڈرتے ہیں کہ کہیں روسی امیروں کی طرح ان کی دولت بھی ضبط نہ ہوجائے۔

انہوں نے کہاکہ ہم پر ذمے داری ہے کہ ہم نے آئندہ مرحلے میں آزادی تحریک پر پورا زور لگانا ہے، میں آئندہ چند روز میں تاریخ کا اعلان کرنے والا ہوں، ہم اپنے وکلا سے مشاورت کر رہے ہیں، جیسے ہی ہمیں قانونی اجازت ملتی ہے، ہم ملکی تاریخ کا سب سے بڑا احتجاج کریں گے۔اس سلسلے میں ہم نے سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا ہوا ہے، جیسے ہی وہاں سے معاملہ کلیئر ہوتا ہے میں آپ کو تاریخ بتاؤں گا، آپ نے اپنے اپنے علاقوں میں تیاری کرنی ہے، ہم سیاست نہیں ملک کی آزادی کیلئے جہاد کر رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts