اسلام آباد: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو ہمیشہ ایک مقدس فریضہ کے طور پر پورا کرے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹر میں 80 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی، شرکاء کو پیشہ ورانہ امور، قومی سلامتی کے چیلنجز اور جوابی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے آپریشن ردالفساد کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اب تک کی کامیابیوں کو سراہا، آرمی چیف نے جیو اسٹریٹجک ماحول کو تیار کرنے کے تناظر میں آپریشنل تیاری کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر خصوصی زور دیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج ایک پیشہ ور ادارہ ہونے کے ناطے پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو ہمیشہ ایک مقدس فریضہ کے طور پر پورا کرے گی۔
دوسری جانب پاک فوج کے ترجمان نے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کے حوالے سے جاری پروپیگنڈے کو مسترد کردیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صحافی شاہین صہبائی اور دیگر افراد کی جانب سے سوشل میڈیا پر شوکت ترین کے حوالے سے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے جو غلط اور بالکل بے بنیاد ہے جبکہ شوکت ترین نے بھی خود اس دعوے کی تردید کی ہے۔
ذاتی مفادات کو فروغ دینے کے لیے فوج اور اس کی قیادت کے خلاف بدنیتی پر مبنی الزامات اور صریحاً جھوٹ بولنا قابل مذمت ہے۔
ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ ادارہ ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔