انسان اکثر بے زبان جانوروں اور پرندوں کو صرف شوق کیلئے قیدی بنالیتے ہیں اور کئی بار تو پرندوں کو اڑانے سے روکنے کیلئے کبھی ان کے پرکتر دیتے ہیں تو کبھی انہیں زنجیروں سے باندھ دیتے ہیں۔
زیر نظر تصاویر میں اس چیل کے دونوں پاؤں کٹے ہوئے ہیں، اس معذور چیل کی دیکھ بھال کرنے والے شہری کا کہنا ہے کہ مجھے یہ معذور چیل ملی ہے جس کے دونوں پاؤں کٹے ہوئے ہیں، دیکھنے سے لگتا ہے کسی نے پکڑ کے اس کی ٹانگیں کاٹ دی ہیں میں اسے پکڑ کر نہیں دیکھ سکتا کیوں کہ یہ ابھی خوف کا شکار ہے، اس کا ڈر کچھ کم ہو تو میں ٹھیک سے معائنہ کرونگا۔
ان تصاویر کے حوالے سے بعض شہریوں کا کہنا ہے کہ اکثر شکاری پرندوں کے پروں کے ساتھ پاؤں بھی کاٹ دیتے ہیں جبکہ کچھ شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے تاروں پر کرنٹ لگنے سے بھی کئی بار پرندوں کے پاؤں کٹ جاتے ہیں۔
ان تصاویر میں موجود معذور چیل کی بے بسی دیکھ کر پرندوں کی دیکھ بھال کرنے والے کچھ لوگوں نے اس کو ربڑ کے مصنوعی پاؤں لگانے کا بھی مشورہ دیا ہے جبکہ کئی شہریوں نے اس معصوم پرندے کی بے بسی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔