کراچی: ملک میں پیٹرول مہنگا ہونے پر شہریوں نے خود ایک دوسرے کی مدد کرنا شروع کردی، ایک بزرگ شہری نے درجنوں لوگوں کی گاڑیوں میں مفت پیٹرول ڈلوا کر پورے شہر کر حیران کردیا۔
گزشتہ روزایک بزرگ اورنگی ٹاؤن 5 نمبر کے پیٹرول پمپ پر پہنچے، ان ہاتھ میں ایک پرچہ تھا جس پر1 سے 90 تک نمبر درج تھے، بزرگ شہری نے پمپ انتظامیہ کو کہا اب جسکا کہوں اس سے پیٹرول کے پیسے مت لینا۔
ایک ایک کرکے پرچے سے نمبر کاٹتے گئے اور 90 کے قریب غریب رکشہ اور بائیک سواروں میں فی کس 700 روپے کا پیٹرول ڈلواکر رقم کی ادائیگی اپنی جیب سے کی۔
شہریوں نے بزرگ کی ویڈیو بنانے کی کوشش کی تو اس پر بھی لوگوں کو منع کرتے رہے، یہ گمنام شہری کون تھے اس حوالے سے معلوم نہ ہوسکا لیکن ان کے اس عمل نے پورے شہر میں دھوم مچادی ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں پیٹرول کی قیمت 230 روپے سے بھی تجاوز کرچکی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے تاہم کراچی کے عوام میں پیٹرول مفت تقسیم کرنے کے اس عمل سے اس بزرگ شہری نے ایک مثال قائم کردی ہے کہ اگر صاحب استطاعت لوگ دوسروں کی مدد کیلئے آگے آئیں تو ہم ملکر ہر مشکل کو شکست دے سکتے ہیں۔