ہمارے یہاں سیلیبریٹیز کی ہر ہر ادا کو لوگ بڑے غور سے دیکھتے ہیں ان کے ہر ایونٹ کو سراہتے ہیں ، چاہے وہ کوئی اداکار ہو، کوئی کھلاڑی ہوں، کوئی سیاستدان ہو یا کوئی اور مشہور شخصیت اور اس بات سے قطع نظر کہ شخصیت کہاں کی ہے، لوگوں کو دلچسپی ہوتی ہے کہ بس ان شخصیات کے خاص مواقعوں پر نظر رکھی جائے ۔ یہاں ہم آپ کے لئے کچھ مشہور شخصیات کے شادی کے جوڑے اور ان میں چھپے کچھ خفیہ پیغامات لے کر آئے ہیں جو کہ ان کے لباسوں میں موجود تھے۔ درحقیقت عوام کی ایک بڑی تعداد ان شخصیات کو دلہن یا دولہا کے لباس میں دیکھتے ہیں تو ان کو فیشن کے لئے نئی تحریک ملتی ہے۔ ان کے لباس کے انتخاب سے لے کر اس کی سلائی اس کی قیمت اور اس کی پذیرائی تک سب کچھ عوام کی دلچسپی کا مظہر ہوتا ہے۔ فیشن اور اسٹائل کے علاوہ کچھ مشہور شخصیات نے اپنے اس اہم دن کے موقع پر کچھ خفیہ پیغامات بھی شامل کئے ہیں۔
دپیکا پڈوکون
دپیکا پڈوکون کو کون نہیں جانتا وہ انڈیا کی سپر اسٹار ہیں رنبیر سنگھ سے ان کی شادی کے موقع پر، ان کی شادی کی ہر تقریب پر عوام کی نظر تھی، انہوں نے اپنی شادی کے موقع پر جو جوڑا پہنا اس کے کناروں پر کڑہائی سے ایک پیغام موجود تھا جو کہ سنسکرت زبان میں تھا جس کا مطلب تھا" سدا سہاگن رہو اور بیوگی سے دور رہو"۔
بختاور بھٹو زرداری
بختاور بھٹو زرداری کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں انہوں نے اپنی رسمِ حنا کے موقع پر جو جوڑا زیب تن کیا اس کے دوپٹے پر خاص اشعارتحریر تھے، جو کہ بینظیر بھٹو کے لئے تحریر کئے گئے تھے۔ جو کہ یہ ہیں
وہ دریا دیس سمندر تھی
جو تیرے میرے اندر تھی
وہ سوندھی مٹی سندھڑی کی
وہ لڑکی لعل قلندر تھی
قیاس یہ کیا جا رہا ہے کہ بختاور نے یہ الفاظ اپنی والدہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی یاد میں تحریر کیے تھے۔ قبل ازیں انہوں نے منگنی کے لباس پر بھی اپنی والدہ کی تصویر بنوائی تھی۔
میگھن مارکل
میگھن مارکل کی ملکہ الزبتھ کے پوتے اور لیڈی ڈیانا کے بیٹے شہزادہ ہیری سے شادی ایک بہت خاص موقع تھا۔ میگھن مارکل کا گاؤن ایسا تھا کہ لوگ اس سے اپنی نظریں ہٹا نہیں پا رہے تھے، لیکن اس میں ایک چیز جو نمایاں تھی وہ یہ کہ وہ ان کے لباس کا نقاب یا پردہ تھا۔ کینسنگٹن پیلس کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں دعوی کیا گیا تھا کہ چونکہ اس تقریب میں دولتِ مشترکہ کے 53 ممالک کے سفراء شامل ہوئے تھے لہذا ڈیزائنر ویٹ کیلر نے اس نقاب پر دولت مشترکہ کے ہر ملک کے پھول کو اس میں شامل کیا تھا۔