ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعظم نے امیرِ قطر سے ٹیلی فون پر بات چیت کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ترجمان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری بحرین کے دورے پر ہیں، جہاں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صدر کا دورہ بحرین پاکستان اور بحرین کے گہرے تعلقات کا مظہر ہے۔
طاہر اندرابی نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے جدہ میں او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کی، جہاں پاکستان نے صومالی لینڈ سے متعلق اپنے مؤقف کا اعادہ کیا۔ اسحاق ڈار نے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے اسرائیلی فیصلے کی شدید مذمت کی۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایران کے مسئلے کا پُرامن حل چاہتا ہے اور ایران کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے، جبکہ ایران میں موجود بحران نے عوام کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے، امید ہے ایران جلد اس بحران پر قابو پا لے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویزا معاملات پر امریکی حکام سے رابطے میں ہیں، جبکہ پاکستان بھارتی آرمی چیف کے حالیہ بیانات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔