صحرا کا گھوڑا کہلانے والا اونٹ جہاں دیکھنے میں ایک منفرد جانور ہے وہیں اس کی عادات بھی تھوڑی مختلف ہیں۔ بچے اور بڑے اونٹ کی سواری کرنے کی وجہ سے اس جانور میں کافی دلچسپی رکھتے ہیں اسی لئے آج ہم آپ کو اونٹ کے بارے میں حیرت انگیز حقائق بتارہے ہیں تاکہ آپ اپنے پسندیدہ جانور کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات رکھ سکیں۔
مرا ہوا اونٹ خطرناک کیوں ہوجاتا ہے ؟
اگر آپ کسی صحرا میں سفر کے دوران کسی اونٹ کو مرا ہوا دیکھیں تو کبھی اس کے قریب نہ جائیں کیونکہ مرنے کے بعد اونٹ کے جسم میں سینکڑوں جراثیم پیدا ہوجاتے ہیں۔ اگر مرے ہوئے اونٹ کو ہاتھ لگایا جائے تو وہ پھٹ بھی سکتا ہے جس کی وجہ سے اس کے جسم میں بننے والی زہریلی گیس انسان کے لئے خطرناک ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ اونٹ کے پھٹنے کی آواز بھی انسانی کان کے لئے خطرناک ہوتی ہے۔
عربوں کا پسندیدہ جانور
اونٹ صحرا میں کافی تیز دوڑتا ہے جس کی وجہ سے اسے صحرا کا گھوڑا بھی کہا جاتا ہے۔ عرب میں اونٹوں کو حسین ترین جانور مانا جاتا ہے یہاں تک کہ انگریزی کا لفظ Camel بھی عربی زبان کے ایسے لفظ سے نکلا ہے جس کے معنی خوبصورتی کے ہیں۔
ایک وقت میں 57 لیٹر پانی پی سکتا ہے
اونٹ صحرائی جانور ہے اور 15 دن تک بغیر پانی پیے جی سکتا ہے۔ اونٹ ایک وقت میں 57 لیٹر تک پانی پی سکتا ہے اور یہی پانی جسم میں جمع ہو کر اگلے کئی دن اس کی پیاس بجھاتا ہے۔