لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کرنا ہر شخص پر فرض ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستانی کہیں پر بھی ہوں مدد کا جذبہ ان میں کبھی ختم نہیں ہوتا۔
جس کا منہ بولتا ثبوت دبئی میں رائیڈر کی نوکری کرنے والے عبد الغفور ہیں جنہوں نے دبئی کی ایک انتہائی مصروف سڑک پر 2 اینٹیں پڑیں دیکھیں تو موٹرسائیکل سڑک کنارے کھڑی کر کے بھاگے۔
لیکن اینٹیں سڑک کے درمیان میں موجود تھیں تو جب سڑک خالی ہوئی تو انہوں نے وہ اینٹیں اٹھا کر سائیڈ پر رکھ دیں اور وہاں سے چلتے بنے۔ ان کے اس عمل کی ویڈیو پر دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے عبدالغفور کو فون کیا اور ان کی لوگوں کو پریشانی سے بچانے کیلئے کئے گئے عمل کی تعریف کی۔
یہی نہیں ولی عہد شیخ حمدان نے اس عمل کی ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی ساتھ ہی ساتھ یہ بھی کہا کہ وہ اس وقت ملک سے باہر ہیں اور وطن واپس آتے ہی ان سے ملاقات کریں گے۔
اس کے علاوہ آپکو یہ بھی بتاتے چلیں کہ اس سارے عمل کے بعد عبدالغفور کہتے ہیں کہ انہیں اب تک یقین نہیں آ رہا ہے کہ دبئی کے ولی عہد نے ان جیسے عام آدمی سے بات کی۔