اسلام آباد:بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کو کشمیر کا خصوصی اسٹیٹس ختم کرنے کیخلاف آج پاکستان میں یوم استحصال منایا جائیگا۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ آج بھارت کے مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات کو تین سال مکمل ہوگئے ہیں، بھارت مسلسل اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور انسانی حقوق قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
مقبوضہ جموں کشمیر میں نو لاکھ سے زائد بھارتی افواج قابض ہیں، مقبوضہ جموں کشمیر میں لاک ڈاؤن، انٹرنیٹ کی بندش اور کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کیے جا رہے ہیں۔
کشمیری لیڈر شپ کو حق خود ارادیت کے لیے آواز اٹھانے پر قید میں رکھا ہوا ہے، بھارت کے غیرقانونی اقدامات کے خلاف آج یوم استحصال منایا جائے گا۔
اندرون وبیرون ملک یوم استحصال بھرپور انداز سے منانے کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان میں متعدد اجلاس منعقد کیے گئے جن میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر گلگت بلتستان کے نمائندوں کے علاوہ وزارت خارجہ، وزارت اطلاعات اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہم افسران نے شرکت کی۔
یوم استحصال کے دن کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پورے ملک میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، یوم استحصال کے حوالے سے شائراہ دستور پر واک ہو گی، یوم استحصال کے حوالے سے صدر پاکستان، وزیراعظم پاکستان، وزیر اعظم کے مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان، صدر آزاد کشمیر اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کے پیغامات چلائے جائیں گے۔
وزیر خارجہ یوم استحصال کی مناسبت سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، او آئی سی اور اقوام متحدہ کے کمشنر برائے انسانی حقوق کو خصوصی خط لکھیں گے اور 5 اگست 2019 کے بھارتی غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کے حوالے سے غیر ملکی سفیروں کو بریف کریں گے۔
یوم استحصال کے حوالے سے خصوصی ڈاکیومنٹری اور ایک نغمہ بھی تیار کیا گیا ہے۔