استری بہت بجلی کھینچتی ہے لیکن آج ہم کو ایسی استری کے بارے میں بتانے جارہے ہیں جو نہ تو بجلی سے چلتی ہے نا ہی سوئی گیس سے، اور تو اور اس کے استعمال پر کوئی بل بھی نہیں آتا۔
ہم بات کررہے ہیں سولر استری یعنی سورج کی روشنی سے چلنے والی استری کے بارے میں۔ یہ استری لوکل ہوتی ہے اور بھلے اس پر کسی بھی کمپنی کا نام درج ہو اس کا اس کمپنی سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ سولر استری 12 واٹ کی ہوتی ہے۔
سولر اور عام استری میں کیا فرق ہے؟
سورج کی روشنی سے چلنے والی استری عام استری کی طرح ہی ہوتی ہے۔ البتہ اس میں پیچھے کی جانب ایک تار ہوتا ہے جس سے اس کی پہچان کی جاسکتی ہے۔ استری کی رفتار کو عام استری کی طرح کم یا زیادہ کیا جاسکتا ہے۔
استری کپڑے نہیں جلاتی
چونکہ یہ استری صرف 12 واٹ کی ہوتی ہے اس لئے یہ بہت تیز گرم نہیں ہوتی۔ اگر پانی چھڑک کر کاٹن کے کپڑے استری کرنے ہوں تو یہ پانی سکھانے اور سلوٹیں دور کرنے میں کچھ وقت لے گی۔ البتہ یہ استری کپڑوں پر چپک کر انھیں جلاتی بھی نہیں ہے۔
سولر استری کی قیمت
استری کے تار کو سولر پینل سے یا پھر سولر بیٹری سے جوڑا جاتا ہے۔ اگر سولر پینل سے چلانی ہو تو یاد رہے کہ اس کے لئے 2 سولر ڈش پیرالل رکھی ہوئی ہونی چاہیں اور تیز دھوپ آنی چاہیے جبکہ بیٹری پر یہ بہت تیز نہیں چلے گی۔ سولر استری کی قیمت 1600 سے شروع ہوتی ہے۔