عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہونے سے قیمتیں بڑھانا مجبوری ہے، وزیر پیٹرولیم

image

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق فیصلے انتہائی مشکل ہو گئے ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث تیل کی عالمی منڈی غیر یقینی کیفیت کا شکار ہے اسی لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شفاف انداز میں قیمتوں سے متعلق تمام تفصیلات عوام کے سامنے رکھ رہی ہے۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم ڈیلرز نے اپنے مارجن میں اضافے کا مطالبہ بھی کیا ہے جبکہ موجودہ پیٹرولیم لیوی جنگ سے قبل کی سطح سے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب عالمی منڈی میں قیمتوں کا شدید دباؤ ہے اور دوسری جانب اگر پیٹرول پمپس کی جانب سے احتجاج یا بندش کی صورتحال پیدا ہو تو مسائل مزید بڑھ سکتے ہیں۔ ان کے مطابق مارکیٹ میں تیل کی دستیابی سے متعلق خدشات بھی قیمتوں پر اثرانداز ہو رہے ہیں۔

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت مقامی ریفائنریوں کو فعال بنا کر خام تیل کی ریفائننگ بڑھانے پر توجہ دے رہی ہے تاکہ ڈیزل کی درآمد پر انحصار کم کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن سے متعلق نئی پالیسی حکومت کو بھجوا دی گئی ہے، جبکہ وزیراعظم کی ہدایت پر درآمدی ڈیوٹی میں ہر چھ ماہ بعد ڈھائی فیصد کمی کی جائے گی تاکہ ریفائنری شعبے کی حوصلہ افزائی ہو۔

اس سے قبل پیٹرولیم ڈیلرز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ خطے میں کشیدگی اور جنگ کے خدشات کے باعث عالمی خام تیل کی منڈی شدید دباؤ کا شکار ہے، جس کے باعث حکومت کو مجبوری کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل خطے میں جنگ بندی اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US