فاروق ستار ایک مقبول پاکستانی سیاست دان اور سماجی کارکن ہیں جن کا تعلق کراچی سے ہے۔ فاروق ستار کے پاس ایم بی بی ایس کی ڈگری ہے اور انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1987 میں کراچی کے میئر کے طور پر کیا۔ ابھی حال ہی میں ندا یاسر کے شو شانِ سحور میں اپنی پیاری بیوی کے ساتھ نظر آئے ہیں، جہاں انھوں نے اپنے پروپوزل اور محبت کی کہانی کے بارے میں کھل کر بات کی۔
اپنی اہلیہ کے ساتھ فلمی ملاقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ، "جب میں میڈیکل کالج میں پڑھتا تھا، ان دنوں ایک بار یہ وہاں آئیں، ان کے نانا ہمارے کالج کے پرنسپل تھے۔ ہوا یہ کہ وہ اچانک مجھ سے ٹکرا گئیں پھر سنبھل کر اپنے نانا کے دفتر کے بارے میں پوچھا، ان کے ساتھ ان کی والدہ یعنی میری ساس بھی موجود تھیں۔ میں پرنسپل کا سب سے لائق طالب علم تھا اسلیئے یہ ذمہ داری کیسے پوری نہ کرتا۔۔ پھر میں نے انہیں پرنسپل کے دفتر لے گیا، اس دوران راستے میں میری ان سے اور والدہ سے بات چیت ہوئی، البتہ انہوں نے ہماری پہلی ملاقات میں ہی مجھے غلط پتہ اور فون نمبر دے دیا تھا۔
اگلی بار جب ان کی والدہ کالج آئیں تو میں نے اس دوران ان کا دل نرم کیا، وہ مجھ سے متاثر ہوئیں، یہاں تک کہ میں انہیں بن کباب کھلانے کے لیے بھی لے گیا، جو انہیں آج تک یاد ہے۔ وہ دونوں اس زمانے میں میرے اچھے جاننے والے بن گئے تھے، لیکن آپس میں کوئی رابطہ نہیں تھا فون نمبر ایڈریس وغیرہ۔
چار سال تک یہ بلکل غائب ہی ہوگئی، اس دوران میں ڈاکٹر بن گیا اور بعد میں کراچی کا میئر۔ ایک دن ان کی والدہ نے مجھے ٹیلی ویژن پر دیکھا اور رابطہ کرنے کو کہا، چار سال بعد جب میری بیوی نے مجھے کال کی تو میں ہیلو کی آواز سے ہی پہچان گیا، جس پر یہ کافی حیران ہوئیں۔ اسطرح ہماری فون پر بات شروع ہوئی اور پھر شادی کیلیئے میں نے رشتہ بھیج دیا، پہلے پہل تو ذات پات کے فرق کی وجہ سے کافی مسئلہ ہوا لیکن پھر ہماری شادی ہو ہی گئی۔"