کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر بلاک ون میں جامعہ مسجد کے نابینا مؤذن سے ایک شخص موبائل لے کر فرار ہوگیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج مسجد سے وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیسے ایک شخص بائیک پر سوار ہو کر مسجد کے اندر داخل ہوا، مؤذن سے باتیں کیں اور اسی دوران ان کا موبائل لیا، دیکھا اور ہاتھ میں چھپا کر جیب میں رکھ لیا اور وہاں سے بھاگ گیا۔
مؤذن بتاتے ہیں کہ2 روز قبل عصر کے وقت ایک شخص میرے پاس آیا، مجھےاس شخص نے کہا کہ اپنا موبائل فون دو میں آپ کی نعت ریکارڈ کروں گا۔ ملزم موبائل فون دھوکے سے لیکر فرار ہو گیا۔ اس نے میرا 1 لاکھ 60 ہزار روپے مالیت کا موبائل فون لیا اور فون میں موجود اکاؤنٹ کی ایپ سے 35 ہزار روپے بھی نکال لیے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ متاثرہ مؤذن نے گلستانِ جوہر تھانے میں درخواست جمع کرا دی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں اس کا چہرہ بھی صاف دکھائی دے رہا ہے۔ اس کو پکڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔