’دہلی درشن‘ پر آئی خواتین کا راہل گاندھی سے شادی کا سوال، ’آپ لڑکی ڈھونڈیں‘ سونیا گاندھی کا جواب

انڈیا میں دو ایسے لوگ ہیں جنھیں موسٹ الیجیبل بیچلر کہا جاتا ہے اور وقتا فوقتا ان کی شادی کی باتیں بھی گشت کرنے لگتی ہیں۔
rahul and sonia
Getty Images

انڈیا میں دو ایسے غیر شادی شدہ مرد ہیں جن کی مقبولیت آسمان کو چھوتی ہے اور ان سے وقتاً فوقتاً شادی کے بارے میں سوال کیے جاتے ہیں۔

ان میں سے ایک تو بالی وڈ کے سپرسٹار اور ’سلطان‘ سلمان خان ہیں جبکہ دوسرے کانگریس کے رہنما راہل گاندھی ہیں۔

سلمان خان سے جب شادی کی بات کی جاتی ہے تو وہ اپنے انداز میں کبھی مذاق کر لیتے ہیں، کبھی مایوسی کا اظہار کرتے ہیں تو کبھی کہتے ہیں کہ ’ہو جائے گی‘، ’کہیں نہ کہیں تو کوئی ہو گی۔‘

لیکن جب راہل گاندھی کی بات آتی ہے تو وہ اس کو اب تک نظر انداز کرتے نظر آئے ہیں۔ راہل گاندھی 53 سال کے ہو چکے ہیں جبکہ سلمان خان 57 برس کے ہیں۔

گذشتہ دنوں جب انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی (آئی آئی ایف اے) کی ایک تقریب میں ایک خاتون نے سلمان کو شادی کی پیشکش کی تو سلمان نے کہا کہ ’میری شادی کی عمر بیت چکی ہے۔‘

دوسری جانب انڈیا میں جنرل انتخاب کی تیاریوں کے دوران جہاں راہل گاندھی کلیدی کردار ادا کرتے نظر آ رہے ہیں وہیں ان کی شادی کے بھے چرچے ہو رہے ہیں۔

گذشتہ ماہ جون میں بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں اپوزیشن جماعتوں کی ایک میٹنگ کے دوران بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور راشٹریہ جنتا دل کے رہنما لالو پرساد یادو نے راہل گاندھی کو شادی کرنے کا مشورہ دیا تھا اور اگلے کئی دنوں تک لوگ اس کے مطالب نکالنے میں مصروف رہے تھے۔

https://twitter.com/INCIndia/status/1685163089367375872

’ہو جائے گی‘

بہر حال سیاست سے قطع نظر راہل گاندھی کی شادی کی بات ایک بار پھر سامنے آئی ہے۔

راہل گاندھی نے سنیچر (29 جولائی) کو ایک ویڈیو پوسٹ کی۔ اس میں ہریانہ کی کچھ خواتین کسانوں اور راہل گاندھی، سونیا گاندھی اور پرینکا گاندھی کی ملاقات کو دکھایا گیا ہے۔

ان میں سے ایک خاتون سونیا گاندھی کو راہل گاندھی کی شادی کروانے کے متعلق کہتی ہیں۔

اس کے جواب میں سونیا گاندھی نے کہا کہ 'آپ لڑکی ڈھونڈیں۔'

ویڈیو میں راہل گاندھی بھی اس معاملے پر بولتے نظر آ رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ 'ہو جائے گی۔'

راہل گاندھی نے حال ہی میں اپنے ایک دورے کے دوران ان خواتین سے ملاقات کی تھی اور انھیں اپنے گھر مدعو کیا تھا۔

اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے راہل گاندھی نے ہریانہ کے سونی پت سے ان خواتین کسانوں کو اپنی ماں سونیا گاندھی کے گھر مدعو کیا۔ سونیا نے ان خواتین کے لیے کھانے کا اہتمام کیا تھا۔ یہ خواتین اپنے ساتھ کھانے پینے کا سامان بھی لائی تھیں۔

ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے راہل نے لکھا: 'ماں، پرینکا اور میرے لیے کچھ خاص مہمانوں کے ساتھ ایک یادگار دن۔ سونی پت کی کسان بہنوں کے دہلی درشن، ان کے ساتھ گھر کا کھانا، اور بہت ساری مزیدار باتیں۔'

india
Getty Images

ویڈیو میں ایک جگہ پرینکا راہل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’راہل کتنا سنجیدہ نظر آتا ہے نا، وہ بچپن میں مجھ سے زیادہ بدمعاش ہوا کرتا تھا، لیکن اس کی جگہمجھے ڈانٹ پڑتی تھی۔'

رواں ماہ جولائی کی 8 تاریخ کو دہلی سے ہماچل پردیش جاتے ہوئے راہل گاندھی سونی پت کے گاؤں مدینہ میں اچانک رک گئے۔

یہاں انھوں نے کھیتوں میں کام کرنے والے کچھ کسانوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان سے کئی مسائل پر بات کی۔

ریاست کے کانگریس رہنماؤں کے مطابق راہل گاندھی نے یہاں دھان کی روپائی کرنے والے کسانوں سے بات چیت کی، ٹریکٹر چلایا اور خاتون کی طرف سے لایا ہوا کھانا کھایا۔

اس کے بعد خواتین نے راہل گاندھی کو بتایا کہ دہلی کے اتنے قریب ہونے کے باوجود انھوں نے کبھی دہلی نہیں دیکھا۔ اس پر راہل نے خواتین کو 'دہلی درشن' کے لیے دہلی آنے کی دعوت دی۔

سنیچر کے روز کانگریس پارٹی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر خواتین سے سونیا گاندھی کی ملاقات کا ویڈیو شیئر کیا اور لکھا: 'راہل گاندھی نے سونی پت کی کسان بہنوں کو دہلی لے جانے کا وعدہ کیا تھا، کسان بہنیں دہلی آئیں، وعدہ پورا ہوا۔'

آپ شادی کب کر رہے ہیں؟

اس سے قبل جون میں راہل گاندھی دہلی کے قرول باغ گئے اور وہاں موٹر سائیکلوں کی مرمت کرنے والے مکینک سے بات کی۔ اس دوران انھوں نے ایک موٹر سائیکل بھی ٹھیک کرائی۔

اسی دوران وکی نامی مکینک نے ان سے پوچھا لیا کہ آپ شادی کب کر رہے ہو؟

جواب میں راہل نے کہا کہ 'جب آپ کر لو گے تو میں بھی کر لوں گا۔'

وکی نے بتایا: ’میں نے پوچھا کہ آپ شادی وادی نہیں کر رہے ہو؟ تو انھوں نے کہا کہ کر لوں گا۔ بارات میں کھانے پینے کے بارے میں پوچھا تو میں نے کہا کہ مجھے پنیر بھرجی کھانا ہے، تو انھوں نے کہا کہ آ جانا۔‘

لالو یادو کا بیان اور قیاس آرائیوں کا دور

راہل گاندھی نے ابھی تک شادی نہیں کی ہے لیکن ان کی شادی کے بارے میں اس سے پہلے کبھی بھی اس قدر باتیں نہیں ہوتی تھیں۔

حالیہ مہینوں میں راہل گاندھی کو بھارتی میڈیا میں 'موسٹ ایلیجیبل بیچلر' کہا جا رہا ہے۔

موجودہ صورتحال سنہ 2013 سے مختلف ہے جب اداکارہ ملیکا شیراوت کا ایک بیان بہت مشہور ہوا تھا۔

اس وقت موسٹ ایلیجیبل بیچلر کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر ملیکا نے نریندر مودی کا نام لیا تھا۔

جب نامہ نگاروں سے پوچھا گیا کہ کیا وہ راہل گاندھی کو اس قابل نہیں سمجھتی ہیں تو ملیکا نے کہا: ’نہیں، مجھے ان میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، میں صرف نریندر مودی کو پسند کرتی ہوں۔‘ حالانکہ وزیر اعظم نریندر مودی پہلے سے ہی شادی شدہ ہیں۔ البتہ وہ اپنی اہلیہ سے علیحدہ رہتے ہیں۔

لیکن پچھلے کچھ مہینوں سے راہل گاندھی کی شادی کے چرچے میڈیا میں کسی نہ کسی طریقے سے چھائے ہوئے ہیں۔ راہل گاندھی سے اس سلسلے میں سوالات پوچھے گئے ہیں اور وہ ان کے جواب بھی دیتے رہے ہیں۔

گذشتہ ماہ پٹنہ میں اپوزیشن جماعتوں کی ایک اہم میٹنگ ہوئی تھی جس میں 15 بی جے پی مخالف سیاسی جماعتیں ایک ہی پلیٹ فارم پر تھیں۔

طویل عرصے سے بیمار لالو پرساد یادو اس میٹنگ میں ایک بار پھر سے اپنے جانے پہچانے پرانے انداز میں نظر آئے۔

https://twitter.com/BBCHindi/status/1672221271533449216

انھوں نے کہا 'آپ نے ہماری بات تو نہیں مانی، شادی کر لینی چاہیے تھی، ابھی بھی وقت نہیں گزرا، شادی کریے تو ہم لوگ بارات میں چلیں گے۔'

انھوں نے مزید کہا: 'بات مانیے۔ شادی کریے۔ آپ کی ممی ہمیں کہتی ہیں کہ آپ ہماری بات نہیں مانتے، آپ شادی کریے۔'

اس کے جواب میں راہل گاندھی نے کہا کہ 'آپ کہتے ہیں تو ہو جائے گی۔'

مذاق مذاق میں ہونے والی بحث کے سیاسی معنی بھی نکالے گئے۔ کئی تجزیہ کاروں نے دعویٰ کیا کہ لالو پرساد یادو نے راہل گاندھی کو اپوزیشن کے اتحاد کے چہرے کے طور پر سامنے آنے کا مشورہ دیا، راہل گاندھی کو 'دولہا' جبکہ باقیوں 'باراتی' قرار دیا۔

شادی پر راہل کی رائے

راہل گاندھی نے خود گذشتہ سال دسمبر میں 'بھارت جوڑو یاترا' کے دوران شادی کی بات کی تھی۔ اس دوران ہر عمر کی خواتین میں وہ بہت زیادہ مقبول نظر آئے۔

اس دوران یوٹیوب انٹرویو میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ ایسی خاتون سے شادی کرنا چاہیں گے جس میں ان کی ماں سونیا اور دادی اندرا جیسی خوبیاں ہوں۔

انھوں نے کہا: 'جس عورت سے میں شادی کرنا چاہتا ہوں۔۔۔ اس میں خوبیاں ہونی چاہییں۔ اگر اس میں میری ماں اور دادی جیسی خوبیوں کا امتزاج ہو تو اچھا ہو گا۔'

ایک اور انٹرویو میں انھوں نے شادی کے بارے میں کہا کہ 'میری والدہ اور والد کے درمیان بہت اچھے تعلقات تھے، ان میں بہت پیار تھا، اسی لیے میری توقعات بھی بہت زیادہ ہیں۔'

پھر انھوں نے کہا کہ 'جب صحیح لڑکی مل گئی تو میں بھی شادی کر لوں گا، وہ مل گئی تو اچھا ہو گا۔'

چند ہفتوں بعد ایک اطالوی اخبار کوریرے ڈیلا سیرا کو دیے گئے انٹرویو میں انھوں نے شادی اور بچوں کے بارے میں بات کی۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ان کے ذہن میں شادی اور بچوں کے خیالات آتے ہیں لیکن وہ ایسا نہیں کر سکتے۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US