پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے سپریم کورٹ میں بیان حلفی جمع کرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق بشریٰ بی بی شوہر اور سابق وزیراعظم عمران خان کو 22 اگست کو اٹک جیل میں ملاقات کی اجازت ملی تھی جس کے بعد بشریٰ بی بی نے عمران خان سے ملاقات بھی کی تھی۔
سپریم کورٹ میں بشریٰ بی بی کی جانب سے بیان حلفی حامد خان ایڈوکیٹ نے جمع کرایا۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے اب سپریم کورٹ میں بیان حلفی میں کہا گیا ہے کہ جیل میں موجود چیئرمین پی ٹی آئی کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کا وزن بھی کم ہو گیا ہے۔
بشری بی بی کا بیان حلفی سویلین کے فوجی ٹرائل کے خلاف درخواستوں کے کیس میں جمع کرایا گیا جس میں کہا گیا ہے کافی مشکلات کے بعد 22 اگست کو شوہر عمران خان سے اٹک جیل میں ملاقات کی اجازت ملی تھی۔
خیال رہے 5 اگست 2023 کو ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو 3 برس قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔