آزاد کشمیر انتخابات: ابتدائی نتائج میں مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری

image

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں سامنے آنے والے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کرلی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی دوسرے نمبر پر رہی۔

پیر کو میرپور، کوٹلی اور بھمبر ڈویژن کے 13 انتخابی حلقوں میں پولنگ ہوئی۔ مقررہ وقت شام 5 بجے ختم ہونے کے بعد ووٹنگ کے لیے ایک گھنٹے کی توسیع دی گئی، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوا اور غیر سرکاری نتائج موصول ہونے لگے۔

اب تک موصول ہونے والے 10 حلقوں کے مکمل غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) 7 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 3 نشستیں اپنے نام کی ہیں۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے ایل اے 1، ایل اے 4، ایل اے 7، ایل اے 9، ایل اے 11، ایل اے 12 اور ایل اے 13 میں کامیابی حاصل کی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی ایل اے 2، ایل اے 3 اور ایل اے 8 میں فاتح رہی۔

دوسری جانب ایل اے 5 بھمبر 1، ایل اے 6 بھمبر 2 اور ایل اے 10 کوٹلی 3 میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ ابتدائی نتائج کے مطابق ایل اے 5 اور ایل اے 6 میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار آگے ہیں، جبکہ ایل اے 10 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کو برتری حاصل ہے۔

حتمی نتائج کا اعلان الیکشن حکام کی جانب سے ووٹوں کی مکمل گنتی کے بعد کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US